پاکستان

سانحہ عباس ٹاؤن: علامہ ناصر عباس جعفری کے مطالبات پر شہداء ور بے گھر متاثرین کو نئے فلیٹ دینے کا حکومتی اعلان

cm mwm2صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ہدایات دی ہیں کہ سانحہ عباس ٹاؤن میں تباہ ہونے والے مکانات کے بدلے میں حکومت نئے مکانات دے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی وفد سے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ایک ملاقات میں کیا۔
وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سانحہ عباس ٹاون کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ
حکومت نے انہیں تنہا چھوڑ دیا ہے ،حکومت متاثرین کی مکمل بحالی اور قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کرے گی ، مجلس وحدت مسلمین کے وفد علامہ امین شہیدی ، علامہ صادق رضا تقوی ، ناصرعباس شیرازی ، اصغرعباس زیدی اور صابر کربلائی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف پوری قوم کو مل کر لڑنا ہوگا ، عباس ٹاؤن کا سانحہ انتہائی افسوسناک ہے لیکن متاثرین کو یقین دلاتے ہیں کہ سندھ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے اس سانحہ پر بھی سیاسی اسکورنگ کی کوشش کی اور یہ تاثر دینا چاہا کہ حکومت نے سانحہ عباس ٹاون پر کوئی اقدام نہیں کیا ہے ، وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ اور شہدا کے لواحقین اور ان متاثرین سانحہ کے جن کے سروں سے سائباں چھن گیا ہے ان کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کی ہدایت پر متاثرین کو آئندہ چند روز میں باقاعدہ تعمیر شدہ فلیٹس کی چابیاں دی جائیں گی جبکہ شہدا کے لواحقین میں سے کسی ایک فرد کو الیکشن کمیشن کی اجازت سے سرکاری نوکری دی جائے گی ، علامہ امین شہیدی نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے ان اقدامات کی روک تھام کے لیے فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار اور کالعدم جماعتوں کے خلاف کاروائی کرے ، انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت کی جانب سے عملی اقدامات نظر نہیں آئیں گے اس وقت تک عوام مطمئن نہیں ہوگی ، علامہ امین شہیدی نے حکومت کی جانب سے شہدائے کے لواحقین اور زخمیوں کے علاج معالجہ کے لیے مالی اعانت اور بے گھر ہونے والے متاثرین کے لیے فوری تیار فلیٹس کی فراہمی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اگرعملی اقدامات کرے تو عوام بھی دہشت گردی کے خلاف ان کے ہر اقدام پر ان کا بھرپور ساتھ دے گی ، وزیر اعلی سندھ نے مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے دیئے گئے مطالبات کی تکمیل کے لیے سید فیصل رضا عابدی کی نگرانی میں کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس میں مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے علامہ صادق رضا تقوی ، سید نوازش رضا ، سید اصغر عباس زیدی اور صابر کربلائی شامل ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کی طرف سے راشد ربانی ، وقار مہدی اور اعظم عباس ہوں گے ۔
اجلاس میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو کہ فلیٹوں کے مالکان کی تصدیق کریگی جن میں سید نوازش رضا، علامہ صادق رضا تقوی، صابر کربلائی، فیصل رضا عابدی اور اعظم عباس شامل ہیں۔
واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عبا س جعفری نے حکومت کو 48گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ سانحہ عباس ٹاؤ ن کے متاثرین کو فی الفور ریلیف دیا جائے اور اور شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو فی الفور معاوضہ ادا کیا جائے جس کے بعد حکومت سندھ کی جانب سے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ نے آغا خان اور لیاقت اسپتال میں سانحہ عباس ٹاؤن میں زخمی ہونے والوں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے جبکہ صدر پاکستان نے خصوصی طور پر ہدایات جاری کی ہیں کہ متاثرین عباس ٹاؤن کو فی الفور نئے فلیٹ میں منتقل کیا جائے اور ان کو مالکا نہ حقوق دئیے جائیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button