پاکستان

پشاور میں ٹارگٹ کلنگ ناقابل برداشت، جلد وزیراعلٰی کو تحفظات سے آگاہ کرینگے، علامہ رمضان توقیر

ramzan toqerشیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے پشاور میں شیعہ شخصیات کی پے در پے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد موجودہ صورتحال کے تناظر میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی سے ملاقات کریں گے، اور انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکٹر شاہنواز علی اخونزادہ کی شہادت پر جاری اپنے ایک مذمتی بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شاہنواز کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے۔ پشاور میں تسلسل کیساتھ شیعہ افراد کا قتل ناقابل برداشت ہے۔ حکمرانوں کے عوام کی قیمتی جانوں کی کوئی فکر نہیں، دہشتگرد آزاد ہیں، جبکہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں آئندہ الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوس کا مقام ہے کہ آج تک کسی دہشتگرد کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا۔ حکمران اپنی ذمہ داریاں بھلا چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں اہل تشیع شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ پر وہ جلد وزیراعلٰی امیر حیدر ہوتی سے ملاقات کریں گے اور انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔ اگر حکمرانوں نے اس سنگین معاملہ پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو پھر آگے کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں امن و امان کی صورتحال تو عرصہ دراز سے انتہائی ابتر ہے، لیکن گذشتہ دو ماہ کے دوران پشاور میں شیعہ شخصیات کی قتل و غارت گری نے عوام بالخصوص اہل تشیع کو مزید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس ٹارگٹ کلنگ کے سلسلے کو روکے اور قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button