پاکستان

آئی ایس او 12 سے 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت منائے گی، اطہر عمران

iso athar۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے نبی اکرم (ص) کی ولادت باسعادت کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم (ص) کی زندگی نہ صرف مسلمانوں کے لئے بلکہ عالم انسانیت کے لئے اسوہ حسنہ ہے، آپ (ص) کی زندگی تمام شعبہ ہائے میں ایک مکمل نمونہ ہے، چاہے وہ انسانیت کی فلاح ہو یا میدان سیاست ہو، امت کی اصلاح ہو، گھریلو زندگی ہو، باپ کا کردار ہو، شوہر کا کردار ہو آپ (ص) کی تمام زندگی آنے والے تمام انسانوں کے لئے نمونہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم (ص) اتحاد و وحدت کا مرکز تھے، حتی کہ غیر مسلموں نے بھی آپ کو صادق اور امین کہا ہے اور آج کے دور میں ہم اسلام اور نبی اکرم (ص) کی زندگی سے بہت دور ہونے کی وجہ سے دشمن کے نشانے پر ہیں، دشمن ملت اسلامیہ کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش میں ہے، جبکہ ہمیں رسول اکرم (ص) کی زندگی کو اسوہ بناتے ہوئے اتحاد و وحدت کا مرکز بن کر دشمن کی سازشوں کو ناکام کرنا چاہیے۔

مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان نے کہا کہ استعمار شیعہ سنی کا دشمن نہیں بلکہ وہ اسلام کا دشمن ہے، ہمیں جان لینا چاہئے کہ دشمن ملت اسلامیہ کو ہر طریقے سے شکست دینے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن ہمیں اسلام کی تعلیمات اور اسوہ رسول (ص) پر عمل پیرا ہو کر یکجا ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے پر مسرت اور مقدس مہینے میں مملکت خداداد پاکستان کی تمام قوتوں کو غور و فکر کرنا چاہیے کہ دشمن ہماری نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے جبکہ ہم فرقہ واریت اور تعصبات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک قوم اور امت بن ثابت کرنا ہے کہ ہم ایک باوقار ملک کے باسی ہیں اور اس کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان 12 سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منائے گی، جس میں تمام مکاتب فکر کے زعما کو دعوت دی جائے گی اور اتحاد امت کے حوالے سے سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت کی ضرورت جتنی اس دور میں ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button