پاکستان

سیکولر نظام دکھوں کا مداوا نہیں ،اس نے بشریت کو حقوق دینے کی بجائے انسان کو مادی حیوان بنا دیا، علامہ ناصر عباس

Raja Nasir Holi Day Inمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اس وقت جہان اسلام میں جو سب سے بڑی تبدیلی نظر آرہی ہے وہ دین اور سیاست میں جدائی ہے ، یہ تبدیلی انتہائی خطر ناک ہے ، دیندار لوگوں کو مساجد کے حجروں اور اور مدرسوں میں محدود کر کے اقتدار ان لوگوں کو سونپ دیا گیا

ہے جن کا کردار انسانیت سے مطابقت نہیں رکھتا انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہوٹل ہالی ڈے ان میںکو آرڈینیشن کونسل آف ریلیجس لیڈرز اینڈ انٹیلکچوئلز کے زیر اہتمام عالمی اقتصادی و سیاسی بحران اور مذہبی راہنمائوں
و دانشوروں کی ذمہ داریاں کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ، ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے کہا کہ ہمارا معاشی ، سماجی اور تعلیمی نظام یورپ سے در آمد کیا گیا جس کی وجہ سے ہماری حالت ایک ٹھہرے ہوئے پانی جیسی ہو گئی ، سیاست کو بد نام کرکے بے دینوں ،ظالموں ، وحشیوں اور درندوں کے حوالے کر دیا گیاجس کی وجہ سے لڑائی جھگڑے شروع ہو گئے اور ملک داخلی انتشار کا شکار ہو گیا انہوں نے کہا کہ آج سامراجی نظام کی دیواریں گر رہی ہیں انقلاب اسلامی اسلامی ایران سے سیاست کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے ، اسلام دنیا پر غالب ہو رہا ہے ، مصر تیونس اور عراق سمیت پوری دنیا میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں لیکن ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہم سیکولر ازم کی طرف گامزن ہیں ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف سمیت تمام سیکولر جماعتوں میں شیعہ، سنی، دیو بندی ، بریلوی،اہلحدیث سب اختلافات بھلا کر مل جل کر کام کرتے ہیں لیکن جب بات مذہب کی آتی ہے تو اختلافات ابھر کر سامنے آ جاتے ہیں اس صورت حال کے تدارک کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے اندر برداشت کا جذبہ پیدا کریں سیکولر نظام ہمارے دکھوں کا مداوا نہیں ،اس نظام نے بشریت کو حقوق دینے کی بجائے انسان کو مادی حیوان بنا دیا،یہ نظام یورپ میں شکست کھا چکا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ آپس میں رواداری پیدا کریںاور شرح صدر کے ساتھ امت کو جمع کریں جب ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہو گئے تو خدا کی سرزمین پر خدا کی حکومت ہو گی اور شیطان اپنی تمام سازشوں سمیت غائب ہو جائیں گے ، راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ جو لوگ اللہ کی راہ پر چلتے ہیں وہی قوموں کو منزل تک پہنچا سکتے ہیں ، ایران میں دین اور سیاست میں جدائی ختم ہوئی اور الٰہی حکومت قائم ہوئی ، اس کی وجہ یہ ہے کہ ان لوگوں نے قربانیان دی ہیں لیکن عالمی استکبار کے سامنے نہیں جھکے آج ثابت ہو چکا ہے کہ امریکہ کاغذی شیر ہے جو عراق اور افغانستان میں شکست کھانے کے بعد زخم خوردہ ہے ۔ جب پوری قوم وحدت اتحاد ، رواداری اور شرح صدر کے ساتھ قیام کرے گی تو ہمارے ملک میں بھی الٰہی حکومت کی راہیں ہموار ہوں گی

متعلقہ مضامین

Back to top button