حزب اللہ لبنان کے اہم مرکز کے پاس بھیانک دھماکہ،12 شہید اور120 زخمی
المنار ٹی وی کے مطابق لبنان کے شہر بیروت کے علاقے ضاحیہ میں کچھ گھنٹے پہلے ایک بھیانک کار بم دھماکہ ہوا ہے جس کے باعث ۱۲ افراد شہید جبکہ ۱۲۰ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ضاحیہ میں ’’مجتمع سید الشھدا(ع)‘‘ کے قریب بھیڑ بھاڑ والے علاقے میں آج عصر کے وقت ہونے والا یہ بھیانک دھماکہ اتنا خطرناک تھا جس سے اطراف کی کئی عمارتوں کو آگ لگ گئی اوربتایا جاتا ہے کہ ایک عمارت مکمل طور پر نذر آتش ہو گئی ہے جبکہ متعدد گاڑیاں بھی جل کر راکھ ہو گئیں۔
واضح رہے کہ ضاحیہ کا علاقہ حزب اللہ کی سیاسی سرگرمیوں کا علاقہ ہے اور مجتمع سید الشھدا(ع) سید حسن نصر اللہ کے ان اہم مراکز میں سے ایک ہے جہاں وہ خطاب کرتے ہیں۔
ضاحیہ میں یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب حزب اللہ کل ۳۳ روزہ جنگ کی کامیابی کی سالگرہ منانے کی تیاریاں کر رہی ہے۔
شام میں سرگرم دھشتگرد گروہ جبہۃ النصرہ نے اس دھماکہ کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔