حزب اللہ لبنان کی شام کے حوالے سے ترکی پر تنقید
حزب اللہ لبنان کے نمائندے محمد رعد نے ترکی کے وزیر خارجہ احمد داؤد اوغلو سے ملاقات میں کہا ہے کہ شام میں مغرب کے پیش نظر جو چیز ہے ، اصلاحات نہیں ہے۔
لبنانی میڈیا نے حال ہی میں ترک وزیر خارجہ احمد داؤد اوغلو اور لبنانی پارلیمنٹ میں حزب اللہ کے نمائندے کی کشیدہ فضا میں ہونے والی ملاقات کی کچھ تفصیلات کا
انکشاف کیا ہے کہ جس میں حزب اللہ کے نمائندے نے شام کے بارے میں ترکی کے موقف پر تنقید کی ہے۔
الشرق الجدید نیوز ایجنسی کے مطابق حزب اللہ لبنان کے نمائندے محمد رعد نے ترک وزیر خارجہ کے ساتھ اپنی اس ملاقات میں کہا کہ شام میں حکومت کے خاتمے سے علاقے میں افراتفری پھیل جائے گي اور علاقے سے باہر کی طاقتیں بشار اسد کو حکومت سے ہٹا کر علاقے میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں۔
حزب اللہ لبنان کے اس رہنما نے اس بات پر زور دیا کہ شام انیس سو بیاسی سے اب تک اور انیس سو ترانوے ، انیس سو چھیانوے اور دو ہزار چھ کی جنگوں میں لبنان کی مزاحمتی تحریکوں کے ساتھ رہا ہے اور مزاحمتی تحریکیں اور حزب اللہ بھی بحرانی دور میں شام کے ساتھ رہیں گي۔