بحرین: عزاداری سے روکنے کی کوششیں

ملت بحرین کے خلاف آل خلیفہ کی تشدد آمیز کاروائياں جاری ہیں۔ لولو چینل کے مطابق آل خلیفہ کے کارندوں نے دس بے گناہ شہریوں کو مجالس عزا میں شرکت کرنے کی بنا پر حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتار شدگان میں چار خواتیں بھی شامل ہیں۔ دریں اثنا جمعیت وفاق ملی بحران نے کہا ہےکہ آل خلیفہ کے کارندے پورے ملک میں مجالس عزا پر حملے کرکے شعائر حسینی کی توہین کررہے ہیں اور محرم کی مناسبت سے لگائے گئے بینرز اور تصویریں اتار کر پھاڑ دیتے ہیں۔ جمعیت وفاق ملی نے آل خلیفہ کے ان نسل پرستانہ اقدامات کو آزادی مذہب کے منافی قرار دیا ہے۔ آل خلیفہ کی جیلوں میں سیاسی قیدیوں کو عزاداری کرنے کی اجازت نہیں ہے جو کہ قیدیوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ادھر تحریک تمرد کے ایک رکن علی الفائز نے کہا ہےکہ آل خلیفہ تکفیری گروہوں کی حمایت کرکے شیعہ اکثریت کو کچل رہی ہے۔ بحرین یورپ انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ حسین جواد نے کہا ہے کہ آل خلیفہ ملک میں اکثریتی فرقے کے خلاف انتقامی کاروائیاں کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آل خلیفہ اس بات سے خوف زدہ ہے ملت بحرین عاشورائے حسینی کی یاد مناکر جو کہ حقیقی انقلاب ہے اپنے پامال شدہ حقوق کی بازیابی کے لئے زور و شور سے تحریک شروع کردے گي۔








