جبھۃ النصرہ کے دہشتگردوں کی روضہ سیدہ زینب (ع) کو تباہ کرنے کی سازش ناکام

شام کے دارالحکومت دمشق میں نواسی رسول (ص) حضرت سیدہ زینب (س) کے روضہ مقدسہ کو جبھۃ النصرہ کے دہشتگردوں کی جانب سے دھماکے کے ذریعے تباہ کرنے کی سازش کو روضہ کی حفاظت پر مامور جوانوں نے ناکام بنا دیا۔ عربی ٹی وی چینل العالم کی رپورٹ کے مطابق یہ سازش اس وقت ناکام ہوئی جب یہ انکشاف ہوا کہ شامی تکفیری گروہ جبھۃ النصرہ کے دہشتگردوں نے روضہ مبارک کو دھماکے سے اڑانے کیلئے روضہ سے کچھ فاصلے سے ایک زیر زمین سرنگ بنائی ہے، جس پر روضہ کی حفاظت پر مامور جوانوں نے فوری طور پر کارروائی کرکے اس علاقے کو آزاد کرایا جہاں یہ سرنگ بنائی گئی تھی۔ العالم کے مطابق حال ہی میں شام کے علاقے زینبیہ کے مغربی حصے میں تکفیری دہشت گرد ایک زیر زمین سرنگ بنا کر سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے حرم مبارک کی طرف پیش قدمی کر رہے تھے تاکہ حرم مقدس کو نقصان پہنچا کر اپنے آقاؤں امریکہ اور آل سعود کو خوش کر سکیں۔ رپورٹ کے مطابق جبھۃ النصرہ کے دہشت گرد گذشتہ کئی ماہ سے اس کوشش میں مصروف عمل ہیں کہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے حرم مقدس کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر حرم مقدس کی حرمت کو پامال کریں تاہم محافظین سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی پائیدار استقامت اور شجاعت کے سبب شام میں موجود دہشت گرد ناکام رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ماضی میں انہی تکفیری دہشت گردوں کے سرپرستوں نے جنت البقیع میں موجود اہلبیت اطہار علیہم السلام کے روضوں کو مسمار کیا اور اب آل سعود کی ایماء پر شام میں نواسی رسول اکرم (ص) جناب حضرت سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے حرم مقدس کے خلاف گھناؤنی سازشوں کا سلسلہ جاری ہے، بہرحال دور حاضر کے عباس حرم سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے تحفظ کے لئے مامور ہیں اور ناصبی اور تکفیری دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں۔ العالم ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی رپورٹ میں تکفیری دہشت گردوں کی اس ناپاک سازش کو ناکام بنانے پر اسے روضہ کی حفاظت پر مامور جوانوں کی عظیم کامیابی کا عنوان دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ شام میں موجود حکومت مخالف اور امریکی اور سعودی حمایت یافتہ دہشت گرد پہلے ہی جلیل القدس صحابہ کرام کے روضہ ہائے مقدسہ کو نقصان پہنچا چکے ہیں جبکہ تکفیری دہشت گردوں نے نواسی پیغمبر اکرم (ص) جناب سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے حرم مقدس کو تین اطراف سے گھیرے میں لیا ہوا ہے تاہم تکفیری دہشت گرد سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے حرم مقدس کو نقصان پہنچانے میں ناکام رہے ہیں۔







