اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی کی پّچیسویں برسی
آج چودہ خرداد تیرہ سو ترانوے ہجری شمسی مطابق چھے شعبان چودہ سو پینتیس ہجری قمری اور چار جون سنہ دو ہزار چودہ عیسوی، اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی(رہ) کی پّچیسویں برسی اور رحلت کے چھّبیسویں سال کے آغاز سے مناسبت رکھتی ہے۔ پچّیس سال قبل آج ہی کے دن ایران کے اسلامی انقلاب کے قائد عظیم الشان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی(رہ) ستّاسی برس کی مجاہدانہ زندگی بسر کرنے کے بعد اس دنیا سے رخصت اور اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ آپ نے ایران میں امریکہ کی مداخلت اور ظالم شاہی حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد کا آغاز، تیرہ سو بیالیس ہجری شمسی میں کیا جس کے بعد شاہ کی حکومت نے حضرت امام خمینی(رہ) کو پہلے ترکی اور پھر عراق جلاوطن کردیا۔ عراق میں تیرہ برسوں کی جلاوطنی کے دوران آپ نے ممتاز شاگردوں کی تربیت کے علاوہ ایران میں شاہی حکومت کی ظالمانہ ماہیت اور اسی طرح امریکہ کے ناجائز مفادات کے پردے چاک کئے اور اپنے آگاہانہ بیانات و اعلانات کے ذریعے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی راہیں ہموار کیں۔انقلابی تحریک کے عروج اور حضرت امام خمینی (رہ) کی پیرس روانگی اور اسی طرح وہاں سے فاتحانہ واپسی کے ساتھ، سنہ تیرہ سو ستّاون ہجری شمسی مطابق انّیس سو اناسی عیسوی میں ایران کا عظیم اسلامی انقلاب، کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ قابل ذکر ہے کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی(رہ) کی پّچیسویں برسی کی مناسبت سے آپ کے مزار اقدس پر لاکھوں ایرانیوں اور برسی میں شرکت کیلئے دنیا کے مختلف ملکوں سے آنے والے مہمانوں کی موجودگی میں پّچیسویں برسی کے مراسم برپا ہوں گے اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیۃاللہ العظمی سید علی خامنہ ای، تقریر فرمائیں گے۔