مشہد: پاکستانی قونصل خانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے شمال مشرقی شہر مشہد کے عوام نے آج اس شہر میں پاکستانی قونصل خانہ کے سامنے جمع ہوکر ایران کے سرحدی محافظوں کو اغواء کرنے والے دھشتگردوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے کوئی کاروائی نہ کیئے جانے کے خلاف احتجاج کیا۔ارنا کی رپورٹ کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے عالمی سامراج کے حمایتی یافتہ دھشتگرد گروہوں کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے ایرانی باڈرز سیکیورٹی اہل کاروں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ جیش العدل نامی دہشتگرد تنظیم نے فروری کے مہینے میں ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے علاقے جکیگور سے پانچ سرحدی جوانوں کو اغوا کرلیا تھا۔ اس دہشتگرد گروہ نے اعلان کیا ہے کہ پانچ میں سے ایک جوان کو جس کا نام جمشید دانائي فر ہے ، شہید کردیا گيا ہے۔ یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے گذشتہ روز تہران میں پاکستان کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے کہا ہےکہ پاکستانی حکومت ایرانی سرحدی فورس کے ایک جوان کی شہادت کے ذمہ دار افراد کو گرفتار کرکے ایران کی تحویل میں دے۔