حرم مطہر امام رضا علیہ السلام ميں آیت اللہ خامنہٰ ای کا خطاب
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ عالمی معاشرے کے حقائق امریکی خواہشات کےمطابق آگے نہں بڑھ رہے ہيں ۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے 1393 شمسی سال کے آغاز کے پہلے دن ایران کے مقدس شہر مشہد ميں لاکھوں زائرین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا وہ چیز جسے عالمی سامراج خاص طور پر امریکہ ، ایران ، فلسطین ، شام ، عراق اور افغانستان میں حاصل کرنے کا درپے تھا ، اسے پانے میں کامیاب نہیں ہوا اور آئندہ بھی کامیاب نہيں ہوگا ۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکہ نے بہت کوشش کی کہ فلسطین کو ایک یہودی ریاست میں تبدیل کردے یعنی چاہے وہ فلسطینی ہو یا عیسائی اس سرزمین پر زندگي گذارنے کا حق اس سے چھین لے لیکن اس کے تمام منصوبے خاک میں مل گئے اور آئندہ بھی یہ کوششیں بے نتیجہ ہی رہیں گي ۔ رہبرانقلاب اسلامی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ملت ایران خود کو مضبوط بنائے تاکہ دشمن کی طاقت کے دباؤ میں نہ آئے فرمایا: کہ اگر کوئی قوم مضبوط اور قوی نہ ہو توتسلط پسند طاقتیں اس پر اپنا تسلط جماتی ہیں اور اس پر حملے کرتی ہیں اور اس کی توہین کرتی ہیں ۔ آپ نے اس امر پر تاکید کرتے ہوئے کہ قوم صرف جنگي ہتھیاروں سے ہی مضبوط نہیں ہوتی فرمایا کہ اگر کسی ملک ميں تین عنصر اقتصاد ، ثقافت اور علم ہو تو وہ ملک مضبوط ہوتا ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ اقتصادی میدان ميں اگر عوام پختہ عزم کرلیں اور متحد ہوجائیں تو معیشت کو فروغ دے سکتے ہيں اور وہ دشمنوں کی جانب سے پابندیاں اٹھائے جانے کے منتظر نہ رہيں ۔ آپ نے فرمایا کہ ایرانی عوام اپنے پورے وجود کے ساتھ ایران کے اسلامی جمہوری نظام اور انقلاب سے وابستہ ہيں اور یہ چیز اسلامی جمہوریۂ ایران کے دشمنوں کی شرارت اور دشمنی کے مقابلے میں ملت ایران کی غیرت اور حساسیت کی نشاندہی کرتی ہے ۔