ایران

اجلاس نماز کے نام رہبر انقلاب اسلامی کا پیغام

Aytullah-khameiniرہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مساجد کو تفسیر و حدیث کا مدرسہ، سیاسی و سماجی تعلیمات کا منبر اور وعظ و نصیحت اور اخلاق کی تربیت کا مرکز ہونا چاہیے۔
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج (منگل کو) ایران کے شہر بیرجند میں شروع ہونے والے انیسویں نماز اجلاس کے نام اپنے پیغام میں مسجد کے نام سے ایک تشخص وجود میں لانے کو اسلامی معاشرے کی تشکیل کے آغاز میں اسلام کے خوبصورت ترین اور اہم ترین  کاموں میں سے قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ مسجد دنیا و آخرت کے امتزاج اور مکتب اسلام کے نقطۂ نظر اور فکر وسوچ میں فرد اور معاشرے کے بندھن کا مظہر ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ مسجد عبادت کی جگہ اور سیاست کا مرکز ہے، مزید فرمایا کہ ایک دوسرے سے پیوستہ یہ دو چيزیں اسلامی مسجد کی تصویر اور دیگر ادیان کی عبادت گاہوں سے اس کی دوری کو نمایاں کرتی ہیں۔
حضرت آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مساجد کی سماجی حیثیت اور نوجوانوں کے ساتھ ائمہ جماعت کے رابطے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ مساجد کے متولیوں اور انتظامیہ کی محبت بھری باتوں کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کے پاکیزہ دلوں کو اپنی جانب کھینچ کر انہیں اپنا گرویدہ بنا لیں۔ مساجد تک آسان دسترسی نوجوانوں کی ضرورت ہے اور مسجد کو ہر جگہ اور مقام پر امن کی جگہ اور خیروبرکت کا باعث ہونا چاہیے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اسی طرح مسجدوں کو آباد کرنے اور ان کی معنوی اور ظاہری تزئین و آرائش کو سب کا فریضہ قرار دیا اور فرمایا کہ ہر ایک کو اپنی طاقت اور توفیق کے مطابق اس میں حصہ لینا چاہیے۔
واضح رہے کہ انیسواں نماز اجلاس ” نماز مسجد اور گھرانہ” کے عنوان سے آج سے ایران کے صوبے، خراسان جنوبی کے شہر بیرجند میں شروع ہوا ہے جس میں صدر مملکت ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے بھی شرکت کی۔ یہ اجلاس کل اختتام پذیر ہو گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر احمدی نژاد نے بھی اس اجلاس میں کہا ہے کہ حقیقی نمازیوں کو حق کا منادی اور انصاف قائم کرنے والا ہونا چاہیے۔
اطلاعات کے مطابق صدر مملکت نے اجلاس نماز میں کہا کہ آج تمام قومیں ملت ایران کے ساتھ ہم صدا ہونے کا احساس کر رہی ہیں اور استکبار ایران کا مخالف ہے کیونکہ ملت ایران خدا کی عبادت کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ سے جو نور آج دنیا کے مختلف علاقوں میں جا رہا ہے، حقیقی اور مخلصانہ نور ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button