یورپی یونین کا سپاہ پاسداران کو دہشت گرد قرار دینا جذباتی اور غیر قانونی ہے، ایران کی سخت مذمت
شیعیت نیوز : ایران کی وزارتِ خارجہ نے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے جس میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا۔
وزارتِ خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ جذباتی، غیر تعمیری اور غیر قانونی ہے۔ سپاہ پاسداران ایران کی قومی خودمختاری اور دفاعی طاقت کا اہم ستون ہے جو خطے میں استحکام برقرار رکھنے اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف لڑائی میں کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یورپی یونین کا یہ اقدام ایک بار پھر بین الاقوامی اداروں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناکامی اور دوہرے معیار کو بے نقاب کرتا ہے۔ ایک طرف وہ اسرائیل جیسے دہشت گرد ریاست کو تحفظ دیتے ہیں اور دوسری طرف ایران جیسے ملک کو جو دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار اور اس کا مقابلہ کرنے والا ہے، دہشت گرد قرار دے دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کا جھوٹ بے نقاب: کل کہا جوہری پروگرام تباہ ہو گیا، آج مطالبہ کر رہا ہے بند کرو!
بیان میں زور دیا گیا کہ سپاہ پاسداران ایرانی عوام کے لیے ایثار، قربانی اور دفاع کی علامت ہے۔ یہ نہ صرف ایک فوجی ادارہ بلکہ ایک قومی ادارہ ہے جس نے علاقائی امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
حکومت نے اس فیصلے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام یورپی یونین کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچائے گا اور ایران کے عوام کے سامنے اس کی ساکھ کو مکمل طور پر ختم کر دے گا۔
آخر میں کہا گیا کہ ایران کے قومی اور مذہبی ادارے، سپاہ پاسداران سمیت، ہمیشہ پورے نظام اور عوام کی حمایت حاصل رکھیں گے۔ کوئی بھی بیرونی سازش یا دباؤ ان کی عزت اور مقام کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ جب وطن اور قوم کا دفاع ہو تو یہ وہی ایرانی جوان ہیں جو سینہ سپر کرتے ہیں اور دشمن کے سامنے ڈٹ جاتے ہیں۔







