علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کے بطور اپوزیشن لیڈرز تا حال نوٹیفکیشنز جاری نہ ہونا باعثِ تشویش ہے، عمران خان

30 اکتوبر, 2025 13:31

شیعیت نیوز : سابق وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل سے اپنی ہمشیرہ کے ذریعے جاری پیغام میں کہا ہے کہ "چارسدہ، خیبر اور کرک کے جلسوں میں عوام کی بھرپور شرکت قوم کے شعور اور اپنے حقوق کے دفاع کے عزم کی عکاس ہے۔”
انہوں نے جلسوں کے منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے ساتھ مل کر “حقیقی آزادی کی تحریک” کو مزید تیزی سے آگے بڑھانا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے بطور اپوزیشن لیڈرز تاحال نوٹیفکیشن جاری نہ ہونا باعثِ تشویش ہے۔
عمران خان نے مطالبہ کیا کہ دونوں رہنماؤں کو فوری طور پر سینیٹ اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کے طور پر نوٹیفائی کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد سیشن کورٹ میں ایڈووکیٹ ہادی علی کی گرفتاری نے عدالتی شفافیت پر سوال اٹھا دیے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

عمران خان نے اپنے وکلاء، فیملی اور وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے ملاقات نہ ہونے پر عدالت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔
انہوں نے کہا کہ “اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود ملاقات کی اجازت نہ دینا عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔”

عمران خان نے اپنی قانونی ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ توہینِ عدالت کے خلاف فوری طور پر اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کریں اور القادر ٹرسٹ کیس میں تاخیری حربوں کے خلاف بھی درخواستیں دائر کریں۔
انہوں نے کہا کہ مقدمات اپنے آخری مراحل میں ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ جلد انہیں دوبارہ قیدِ تنہائی میں منتقل کیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم نے وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق مختصر کابینہ تشکیل دیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ “میں نے کسی کو کابینہ کے لیے نام تجویز نہیں کیے، سہیل آفریدی کو اپنی ٹیم چننے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔”

عمران خان نے کہا کہ پارٹی کے تمام پیغامات اور ہدایات صرف سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے ذریعے ہی جاری کیے جائیں تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔
انہوں نے آخر میں وضاحت کی کہ احمد چھٹہ اور بلال اعجاز ان کے پرانے اور وفادار ساتھی ہیں اور ان کی برطرفی کے کسی حکم کی تصدیق نہیں کی۔

4:46 شام مارچ 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔