منہاج القرآن کے زیر اہتمام ایوانِ اقبال لاہور میں 42ویں عالمی میلاد کانفرنس کا عظیم الشان انعقاد

07 ستمبر, 2025 11:51

شیعیت نیوز : منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِاہتمام ایوانِ اقبال لاہور میں 42ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس عظیم الشان انداز میں منعقد ہوئی جس میں دنیا بھر سے علمائے کرام، مشائخ عظام، قراء، نعت خواں اور ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔ یہ تاریخی اجتماع عقیدت و محبت مصطفیٰ ﷺ اور پیغامِ سیرت کو دنیا بھر تک پہنچانے کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

بانی و سرپرستِ اعلیٰ منہاج القرآن، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنے ایمان افروز خطاب میں کہا کہ اللہ رب العزت نے حضور نبی اکرم ﷺ کو سراجِ منیر قرار دیا ہے۔ آپ ﷺ کی حیاتِ طیبہ انسانیت کے لیے منارۂ نور ہے۔ حضور ﷺ سب سے اعلیٰ اخلاق کے مالک، سب سے زیادہ شفیق، نرم دل، شکر گزار، کریم اور معاف کرنے والے تھے۔

یہ بھی پڑھیں :

شیخ الاسلام نے مزید فرمایا کہ نبی اکرم ﷺ کے دو میلاد ہیں: ایک جسمانی میلاد جو 12 ربیع الاول کو ولادت کی صورت میں ظاہر ہوا اور آپ ﷺ کے جمال کا ظہور ہوا، دوسرا روحانی میلاد جو بعثتِ نبوی کی صورت میں ظاہر ہوا اور آپ ﷺ کے کمال کا نور پوری انسانیت پر پھیل گیا۔

انہوں نے کہا کہ برصغیر میں میلاد اور سیرت کو الگ کر کے اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، مگر منہاج القرآن نے دونوں کو یکجا کر دیا۔ آج کا یہ عظیم اجتماع ثابت کرتا ہے کہ اہلِ میلاد اور اہلِ سیرت ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہیں اور آقا ﷺ کی محبت اور پیغام کو دنیا بھر میں عام کر رہے ہیں۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تحت لاہور میں 42ویں سالانہ عالمی میلاد النبی کانفرنس میں ایرانی قراء کی خصوصی شرکت بھی اس اجتماع کا نمایاں پہلو رہا۔

کانفرنس کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ اس موقع پر ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، فضیلۃ الشیخ الدکتور احمد بدرہ، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، سربراہ جمعیت علمائے اسلام (س) مولانا عبدالحق ثانی، چیئرمین رؤیت ہلال کمیٹی علامہ سید عبدالخبیر آزاد اور صدر اتحاد المدارس العربیہ مفتی زبیر فہیم نے بھی خطاب کیا۔

بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے جبکہ قراء حضرات نے قرآنِ مجید کی تلاوت سے محفل کو نورانی فضاؤں سے معمور کر دیا۔ تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ کے بچوں نے نشید پیش کی جس نے حاضرین کو اشکبار کر دیا۔

آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے شاندار انتظامات پر سربراہ میلاد کمیٹی خرم نواز گنڈاپور، سیکرٹری میلاد کمیٹی محمد جواد حامد اور انتظامی کمیٹیوں کے تمام ممبران کو خصوصی مبارک باد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

4:19 صبح اپریل 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔