چین میں جاری عالمی نمائش میں پاکستان کی شرکت پورے ریجن میں ڈیفائنگ موومنٹ ہے، اپوزیشن لیڈر کاظم میثم

05 ستمبر, 2025 14:45

شیعیت نیوز : اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی اور پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم جی بی، کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین میں جاری عالمی نمائش (ایس سی او کانفرنس) میں پاکستان کی شرکت پورے ریجن میں ڈیفائنگ موومنٹ کے مترادف ہے۔ یہ نمائش صرف نمائش نہیں بلکہ شرق و غرب کی نئی صف بندی، امریکہ و یورپ کی ہیجمونی کے خاتمے کی شروعات اور شفٹ آف پاور کا بین ثبوت ہے۔ اس شو میں واضح ہوگیا کہ دنیا اب یونی پولر نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ اس عالمی نمائش میں عالمی سامراج امریکہ و یورپ کی دفاعی ہیجمونی کو چیلنج کرنے کے ساتھ ساتھ وقتی یا نظریاتی امریکہ مخالف طاقتیں اکھٹی تھیں، جن میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ، ایران کے صدر مسعود پزشکیان، اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی شرکت گہرے اشارے ہیں۔ کچھ ہی دنوں میں امریکہ و یورپ کی چیخیں سنائی دیں گی۔ ان حالات میں چار عالمی ایٹمی طاقتوں کے درمیان گلگت بلتستان کی حساسیت پہلے سے بہت بڑھ گئی ہے۔

کاظم میثم نے مزید کہا کہ چین کی دفاعی ٹیکنالوجی میں بھرپور اضافہ دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال رہا ہے اور دفاعی میدان میں نئے نقوش مرتب کر رہا ہے۔ انٹرکانٹینینٹل بیلسٹک میزائل، آبدوز ڈرونز، ایکسٹرا لارج مینڈ انڈر واٹر وہیکل، اینٹی شپ میزائل، سپرسونک میزائل، طاقتور لیزر ہتھیار، لیزر ایئر ڈیفنس سسٹم، ریڈار سسٹم، ارلی وارننگ طیارہ، بیلسٹک میزائل اور جدید ترین سہولیات سے لیس جاسوسی ڈرونز نے طاقت کے توازن میں نئی ہل چل پیدا کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :

انہوں نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس کے اعلامیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی معاشی پابندیوں کا مقابلہ، مغرب کی معاشی غلبہ کو کم کرنا، اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کا اشتراک، خطے میں پائیدار ترقیاتی عمل کو تیز کرنا، ماحولیات کا تحفظ، مشترکہ معاشی محاذ بنانا، یوتھ کی شراکت داری، صحت کی سہولیات فراہم کرنا، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد اور لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے عزم کے ساتھ ساتھ ملٹی پولر ورلڈ آرڈر کی عملی تیاری کی جا رہی ہے۔

کاظم میثم نے کہا کہ پاکستان سمیت وہ ممالک جو دونوں بلاک میں توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کا امتحان شروع ہو گیا ہے۔ امریکہ کی کوشش یہ ہے کہ پاکستان کسی صورت مشرقی بلاک کا کھلاڑی نہ بنے۔ پاکستان کو عالمی استعمار کی ڈوبتی کشتی پر انحصار کرنے کی بجائے چین اور روس بلاک کی طرف دیکھ کر تجارتی و دفاعی معاہدات کرنے چاہئیں۔ ملک کی بگڑی معیشت، دہشت گردی، قرضوں کے پھندے یا نظام میں خامیاں صرف امریکہ کی ڈکٹیشن کا نتیجہ ہیں۔ اگر پاکستان باوقار اور خودمختار فیصلے کرے تو ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔

9:09 شام اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔