پاکستانی عوام و طلباء کا رہبرِ معظم آیت اللہ خامنہ ای کے نام عقیدت بھرا خط

26 جولائی, 2025 12:45

شیعیت نیوز: پاکستانی طلباء اور عوام کا مسلمانوں اور مظلوموں کے عالمی رہنماء آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کے نام خط

اے مسلمانانِ عالم اور حریت پسندوں کے عظیم رہنما آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای!

اے پیکرِ صدق و اخلاص، اے مجاہدِ راہِ خدا، اے حامیِ مظلومینِ جہان، اے مجاہدین اور شہداء کے والد، ہماری طرف سے دلی سلام اور بے پناہ عقیدت قبول فرمائیں۔

مملکتِ خدادادِ پاکستان میں موجود آپ کے پیروکاروں، آپ کے پرچم تلے جمع ہونے والوں، آپ کے حکم پر لبیک کہنے والوں، آپ کی سلامتی کیلئے دستِ دعا بلند کرنے والوں، آپ کی کامیابیوں پر سجدہِ شکر بجا لانے والوں اور آپ کے عزیز رفقاء کی شہادت پر غمزدہ ہونے والوں کی جانب سے آپ پر سلام ہو۔

سلام ہو آپ پر کہ دنیا میں جہاں کہیں بھی ظلم ہوا آپ نے ہمیشہ اس ظلم کے خلاف مظلوموں کی حمایت میں نہ فقط اپنی جرات مندانہ آواز بلند کی ہے بلکہ ان کے ساتھ عملی تعاون بھی کیا ہے۔ چاہے وہ مظلوم فلسطین کے ہوں، کشمیر کے ہوں، لبنان کے ہوں، شام کے ہوں، یمن کے ہوں، عراق کے مظلوم ہوں یا دنیا کے کسی بھی علاقے کے ہوں، آپ ہمیشہ ان کے لیے جائے پناہ رہے ہیں۔

آپ پر سلام ہو کہ آپ نے ہمیشہ عالمی استعماری طاقتوں بالخصوص امریکہ اور اسرائیل کے انسانیت اور مسلمانوں کے خلاف ناپاک عزائم کو اپنی بصیرت اور تدبیر سے ناکام بنایا ہے اور ہمیشہ ان کو رسوا کیا ہے۔ جبکہ عالمی رہنماوں کی اکثریت ان کی طاقت کے سحر میں مبتلا ہے یا اپنے مفادات کی خاطر خاموش رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رہبر انقلاب کا شہداء کے چہلم پر اہم پیغام: سات بنیادی ذمہ داریاں بیان

آج امریکہ اور اسرائیل کا خون آلود چہرہ مظلوموں کی مزاحمت، شہداء کے خون کی برکت اور آپ کی بابصیرت قیادت کی بدولت ہر باضمیر انسان کے سامنے واضح ہو چکا ہے۔ پوری دنیا میں فلسطین کے حق میں ہونے والے مظاہرے اور ریلیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ان غاصب ریاستوں کا بیانیہ دم توڑ چکا ہے۔

وطنِ عزیز پاکستان میں بھی ہم شیعہ سنی مسلمانوں نے مل کر غاصب صیہونی ریاست کی گزشتہ دو سالوں سے غزہ، لبنان، یمن، اور ایران پر کی جانے والی دہشت گردی کے خلاف گلگت سے لے کر کراچی تک پاکستان کے مختلف شہروں میں مظاہروں اور ریلیوں کے ذریعے بھرپور آواز بلند کی ہے۔ اور آپ کی بابصیرت قیادت میں یہ جہدوجہد اس غاصب ریاست کی نابودی تک جاری رہے گی۔

اے ہمارے محبوب قائد!
آپ نے اپنے قریبی ترین رفقاء کی عظیم شہادتوں کے باوجود عالمی طاقتوں کا دلیری سے مقابلہ کرکے ہمیں بہادری اور دلیری کا سبق دیا۔ ہم نے آپ سے جرات و استقامت کے اسباق سیکھے ہیں۔

اے مظلومینِِ جہاں کی امید!
ہم اہلیانِ پاکستان آپ سے اور شہداء سے یہ عہد کرتے ہیں کہ ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ رہیں گے اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ناپاک عزائم کے خلاف اپنی جدوجہد اس طرح جاری رکھیں گے کہ نہ دشمن اور نہ ہی ان کے لشکر ہمیں متزلزل کر سکیں۔ چاہے ہمیں حق کی راہ میں اور مظلوموں کی حمایت میں اپنے خون کے آخری قطرے تک قربانی دینا پڑے۔

اے وہ کہ جس کی قیادت اللہ کے سچے وعدے کی زندہ گواہی اور اس کی قدرت کا مظہر ہے!
فلسطین، لبنان، یمن، اور ایران میں آپ کے سپاہیوں نے اپنے سَر اللہ کی راہ میں پیش کیے ہیں، اپنے قدم زمین میں گاڑ دیے ہیں، اور اپنی نظریں مظلوموں پر مرکوز رکھیں ہیں۔ ہم پاکستانی عوام ان شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی راستے کو جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔ انشاء اللہ خداوند مجاہدینِ اسلام کے ہاتھوں مومنین کو فتح و کامرانی عطا فرمائے اور دشمنانِ اسلام کو ذلت نصیب فرمائے۔

آپ پر اللہ کی سلامتی اور رحمت ہو۔
از جانب طلباء و ملتِ غیورِ اسلامی جمہوریہ پاکستان

1:13 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔