اللہ پر توکل، شہداء کے خون سے انقلاب کو طاقت ملتی ہے، آیت اللہ سید مجتبی حسینی
غزوہ بدر اور دفاع مقدس کی مثالیں دے کر امت کو صبر، جہاد اور وحدت پر قائم رہنے کا پیغام

شیعیت نیوز : مجلس خبرگان رہبری کے رکن اور عراق میں نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ سید مجتبی حسینی نے حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے سے گفتگو میں صیہونی حکومت کے حملے کے نتائج کا تجزیہ پیش کیا۔
انہوں نے اپنی گفتگو کے آغاز میں عید غدیر کی مبارکباد اور فوجی کمانڈروں، ایٹمی سائنسدانوں اور خصوصاً خواتین و بچوں جیسے مظلوم شہداء کی شہادت پر تعزیت و تبریک پیش کرتے ہوئے کہا: ہم خداوند متعال سے امید رکھتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ ان عزیزوں کا خون ملت ایران کے لیے مشعلِ راہ بنے گا۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام کی بقا آج ولی فقیہ کی قیادت سے مشروط ہے، آیت اللہ شب زندہ دار
آیت اللہ حسینی نے صدر اسلام میں غزوہ بدر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: جنگ بدر میں مسلمان کم ترین ساز و سامان کے ساتھ صرف اللہ پر توکل کرتے ہوئے دشمن پر فتح یاب ہوئے۔ قرآن کریم سورہ بقرہ کی آیت 249 میں فرماتا ہے: «کَمْ مِنْ فِئَةٍ قَلِیلَةٍ غَلَبَتْ فِئَةً کَثِیرَةً بِإِذْنِ اللَّهِ ۗ وَاللَّهُ مَعَ الصَّابِرِینَ»۔ یعنی "خدا کے حکم سے کئی چھوٹی جماعتیں بڑی جماعتوں پر غالب آجاتی ہیں اور خدا صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے”۔ اور یہ وعدہ الٰہی آج بھی برقرار ہے۔
عراق میں نمائندہ ولی فقیہ نے دفاع مقدس کے ایام کی یاد دلاتے ہوئے کہا: انقلاب اسلامی کے آغاز میں جب صدام بعثی کو مشرق و مغرب کی مکمل حمایت حاصل تھی اور اس نے ایران پر حملہ کیا تو ہمارے نوجوانوں نے خالی ہاتھ مگر پختہ ایمان کے ساتھ مقابلہ کیا اور کامیاب ہوئے۔ آج جب ہم الحمد للہ فوجی و علمی اقتدار کے عروج پر ہیں تو بدرجہ اولیٰ دشمنوں پر غالب آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا: جس طرح دفاع مقدس کے شہداء کا خون ہمارے انقلاب کی ضمانت بنا، اسی طرح آج ان عزیزوں کی شہادت انقلاب اسلامی کے محرک انجن کو مزید طاقتور بنائے گی۔ ہم نے تاریخ میں ثابت کیا ہے کہ اللہ پر توکل، اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ ہم دشمنوں پر فتح حاصل کرتے رہیں گے۔
آیت اللہ حسینی نے ملت ایران اور امت اسلامیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا: آج مقاومتی محاذ پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور ہے۔ ہم پورے اقتدار کے ساتھ جہاد و مقاومت کی راہ پر گامزن ہیں اور وعدہ الٰہی کو پورا کریں گے۔ یہ وہ راستہ ہے جسے ہمارے شہداء نے اپنے خون سے متعین کیا اور ہم آخری کامیابی تک اس راستے سے ہرگز منحرف نہیں ہوں گے۔