حرم امام رضاؑ مکمل طور پر محفوظ، افواہوں پر کان نہ دھریں: حکام
مشہد میں فضائی دفاعی نظام نے مشتبہ اہداف کو کامیابی سے تباہ کیا، زائرین معمول کے مطابق زیارت میں مصروف

شیعیت نیوز : حضرت امام رضا علیہ السلام کا حرم مطہر مکمل طور پر محفوظ ہے اور زائرین کرام کو کسی قسم کی تشویش یا پریشانی کی کوئی ضرورت نہیں۔ مشہد مقدس میں سنائی دینے والی دھماکوں کی آوازیں، شہید ہاشمی نژاد ایئرپورٹ کے اطراف میں پیش آنے والے دھماکوں کی وجہ سے تھیں۔
رپورٹ کے مطابق، جیسے ہی چند مشتبہ پرتابے (میزائل) ایئرپورٹ کے نزدیک گرے، مشہد کا فضائی دفاعی نظام فوراً فعال ہو گیا اور انتہائی مستعدی کے ساتھ تمام دشمن اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کی عمارتوں یا پروازوں کے رن وے کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا اور ایئرپورٹ پر مکمل امن و امان بحال ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سپاہ پاسداران نے شہید ہونے والے 7 کمانڈروں کے نام جاری کر دیے
عینی شاہدین کے مطابق، شام تقریباً 6:30 بجے 17 شهریور اسٹریٹ کے اطراف میں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے کارروائی کی گئی۔ اس کے بعد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور آسمان کی طرف گھنے دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دکھائی دیے۔ مزید اطلاعات کے مطابق، مشہد ایئرپورٹ کے بعض حصوں میں آگ لگنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
یہ بھی خبر موصول ہوئی ہے کہ بعض خیانت کار افراد عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے مختلف شہروں کے چند علاقوں میں پرانے ٹائروں اور ضائع شدہ اشیاء کو جان بوجھ کر آگ لگا رہے ہیں تاکہ دھواں اٹھے اور لوگ یہ سمجھیں کہ کوئی بڑا واقعہ پیش آیا ہے۔ حکام نے تاکید کی ہے کہ عوام ایسے منفی اقدامات اور پھیلائی گئی افواہوں پر ہرگز توجہ نہ دیں۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضۂ منورہ کی سیکیورٹی مکمل طور پر برقرار ہے، تمام حفاظتی انتظامات مؤثر انداز میں فعال ہیں، اور حرم مطہر میں زائرین معمول کے مطابق بااطمینان زیارت میں مصروف ہیں۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور مکمل اطمینان و سکون کے ساتھ زیارت کا سلسلہ جاری رکھیں۔