ایران کا فیصلہ کن جواب صہیونی دشمن کے لیے پشیمانی کا باعث بنے گا: آیت اللہ اعرافی
ایرانی قوم میدان میں ہے، دشمن کی آگ خود اس کے سر پر پلٹ کر بجھے گی: آیت اللہ اعرافی

شیعیت نیوز : حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے اپنے ایک بیان میں حالیہ صہیونی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتِ ایران اور اسلامی جمہوری نظام، شہداءِ مقاومت کے ساتھ اپنے پختہ عہد پر قائم ہے اور رہبرِ معظم انقلاب اسلامی کی قیادت میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ وطنِ اسلامی کے دفاع اور شہداء کے پاکیزہ خون کی حفاظت کے لیے پہلے سے زیادہ مستحکم انداز میں میدان میں حاضر ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی قوم نے ہمیشہ خطرناک اور سرنوشتساز لمحات میں ہوشمندی، شجاعت اور بصیرت کے ساتھ میدان میں موجودگی دکھائی ہے اور وطنِ عزیز کے اہداف کا دفاع کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صہیونی دشمن کے وار کا پتھر سے جواب دیا جائے، آیت اللہ جوادی آملی
ان کا کہنا تھا کہ آج بھی قربانی اور بیداری کا وقت ہے، اور استکباری و صہیونی دشمنوں کی آگ افروزی انہی کے سروں پر پلٹ کر بجھ جائے گی۔ ایران کا فیصلہ کن اور دوٹوک جواب، ان کے لیے باعثِ ندامت و پشیمانی ہوگا۔
آیت اللہ اعرافی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، مسلح افواج، سپریم کمانڈ اسٹاف اور وطنِ عزیز کے عظیم دانشوروں اور کمانڈروں کی شہادت پر تعزیت و تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے پاکیزہ ارواح کو درود و سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے ساتھ جہاد و مقاومت کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اور باشعور علماء، ہمیشہ کی طرح ملتِ ایران، شجاع جوانوں اور محورِ مقاومت کے ساتھ، حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف اور عظیم شہداء کے ساتھ تجدید عہد کرتے ہیں اور صہیونی دشمنوں کے خلاف استقامت، پائیداری اور انتقام پر زور دیتے ہیں۔
آخر میں آیت اللہ اعرافی نے ملت کو مخاطب کرتے ہوئے "نمازِ جمعہ برائے انتقام”، "غدیر خم کی باشکوہ تقریبات” اور رہبرِ معظم انقلاب اسلامی کی قیادت میں منعقدہ اجتماعات میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔
بنصر اللہ ینصر من یشاء و هو العزیز الرحیم