ایران قونصلیٹ کراچی میں امام خمینیؒ کی برسی کی تقریب کا انعقاد، علامہ حسن ظفر نقوی کی شرکت
کانفرنس میں سیاسی، مذہبی، سماجی، علمی، تعلیمی، ثقافتی و میڈیا سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات سمیت خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی

شیعیت نیوز : بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) کی 36ویں برسی کی مناسبت سے ایران قونصلیٹ کراچی میں تقریب کانفرنس بعنوان "امام خمینیؒ کی الہٰی و سیاسی فکر کی تشریح” کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس خانہ فرہنگ ایران کراچی کے تعاون سے منعقد ہوئی، جس میں سیاسی، مذہبی، سماجی، علمی، تعلیمی، ثقافتی و میڈیا سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات سمیت خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسؤل ایران قونصلیٹ کراچی واحد اصغری نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی نے حضرت امام خمینیؒ کی قیادت میں ایرانی سیاست میں داخلی و خارجی سطح پر ایک عظیم تبدیلی پیدا کی۔
داخلی سطح پر عوام کو اقتدار میں شریک کیا گیا، جبکہ بین الاقوامی سطح پر ایک نئی اخلاقی و نظریاتی روش اپنائی گئی جو خالص محمدی اسلام پر مبنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : انقلاب اسلامی نے مسلمانوں کی سوچ بدل دی: علامہ شبیر میثمی
حضرت امام خمینیؒ صرف امت مسلمہ کے نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے خدا کی طرف سے ایک عظیم نعمت تھے، آپ نے طاغوتی نظاموں کے خلاف قیادت کرتے ہوئے ایک اسلامی حکومت قائم کی اور ولایت فقیہ کے نظریہ کو عملی شکل دی۔
کانفرنس میں رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے خطابات پر مبنی ویڈیوز اور حضرت امام خمینیؒ کے حیات کے آخری لمحات پر مشتمل دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔
آخر میں حضرت امام خمینیؒ کی فکر کے فروغ میں نمایاں خدمات پر علامہ سید حسن ظفر نقوی اور ڈاکٹر معراج الہٰدی صدیقی کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔
آخر میں ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔