مقبوضہ مغربی کنارے میں صہیونی فوج کی کارروائیاں، فلسطینی بے گھر ہونے لگے
اقوام متحدہ کے مطابق، جنین اور طولکرم کیمپوں میں درجنوں فلسطینی گھروں کی مسماری کا حکم جاری

شیعیت نیوز : اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین (انروا) کے سربراہ فیلیپ لازارینی نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں صہیونی فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں فلسطینی گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو منظم طریقے سے تباہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی قابض فوج مغربی کنارے کے شمالی علاقوں، خاص طور پر جنین اور طولکرم کے پناہ گزین کیمپوں میں فوجی کارروائیاں تیز کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی اپنے گھروں سے بے گھر ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : انصار اللہ کا صہیونی اہداف پر بیلسٹک میزائل حملہ
لازارینی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ گزشتہ روز اسرائیلی حکام نے جنین کیمپ میں مزید 66 عمارتوں کی مسماری کا حکم جاری کیا ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران درجنوں فلسطینی گھروں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلسطینی گھروں کے انہدام کے یہ احکامات منسوخ کیے جائیں کیونکہ یہ اقدامات ہزاروں پناہ گزین فلسطینیوں کو دوبارہ طویل مدتی بے گھری کا سامنا کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں سے جنین کیمپ کی جغرافیائی اور سماجی ساخت مستقل طور پر تبدیل ہو سکتی ہے۔