"حسینؑ رب کا، حسینؑ سب کا” کے عنوان سے مجلس وحدت مسلمین کے زیرِ اہتمام عظیم الشان سیمینار
مقررین کا قومی و ملی وحدت اور بین المسالک ہم آہنگی پر زور، اسوۂ شبیری پر روشنی

شیعیت نیوز: عزاداری ونگ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی جانب سے فیصل آباد پریس کلب میں 3 شعبان ولادت امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے "حسینؑ رب کا، حسینؑ سب کا” کے عنوان سے صوبائی صدر ڈاکٹر سید افتخار حسین نقوی کی سربراہی میں عظیم الشان سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار کی صدارت مرکزی صدر عزاداری ونگ ملک اقرار حسین علوی نے کی، جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی سیمینار میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ مرکزی کوآرڈینیٹر برائے اجرائی امور ایڈوکیٹ آصف رضا نے بھی خصوصی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: اوکاڑہ کے دیوبند مدرسہ میں ڈانس پارٹی قاری عاشق نے بیٹی کی شادی پر مجرہ کروادیا
سیمینار میں آمد پر مہمانانِ گرامی کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ مختلف مسالک و مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، اسکالرز اور سول سوسائٹی کی نمایاں شخصیات نے سیمینار سے خطاب کیا۔ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس عظیم الشان اجتماع میں شرکت کی۔ جشنِ ولادتِ نواسۂ رسول امام حسینؑ کی مناسبت سے ان کی لازوال قربانی اور ان کے مقام و منزلت پر روشنی ڈالی گئی۔
مقررین نے قومی و ملی وحدت اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ اسوۂ شبیری ہمیں حسینیت کے پرچم تلے جمع ہونے کی دعوت دیتا ہے۔ مہمانِ خصوصی علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اسوۂ شبیری کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔
سیمینار کے آخر میں ولادت امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ میڈیا کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے اس تقریب کی بھرپور کوریج کی۔