تاریخی لمحہ!ملت تشیع پاکستان کے قائدین شیر و شکر ہوگئے ۔تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل
اس دیرینہ ملاقات کی شاندار تصاویر تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اور صارفین ان ملاقاتوں اور محبتوں کی تقسیم کو خون شہداءخصوصاً سردار مقاومت شہید سید حسن نصراللہ ؒ کے پاکیزہ خون کی برکت قرار دے رہے ہیں اور اس امید کا اظہار کررہے ہیں کہ انشاءاللہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور شیعہ قائدین قومی مسائل پر مشترکہ حکمت عملی وضع کریں گے۔

شیعیت نیوز:شیعیان حیدرکرارؑ کی دلی آرزو کی تکمیل ، پاکستانی شیعہ قائدین آپس میں مل بیٹھے، اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں سربراہ شیعہ علماءکونسل علامہ سید ساجد علی نقوی، سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس اور سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ علامہ سید جواد نقوی کی خوشگوار ملاقات ہوئی ، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ، پیروان مکتب اہل بیتؑ کا مسرت کا اظہار
تقریب کے دوران سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی غیرمعمولی اندازمیں سربراہ شیعہ علماءکونسل علامہ سید ساجد علی نقوی اور سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ علامہ سید جواد نقوی سے علیحدہ علیحدہ اور مشترکہ ملاقات اور مصافحہ نے تمام شرکاءخصوصاً کیمرہ مین حضرات کی توجہ مبذول کروالی۔
کیمرے میں محفوظ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مہمان خصوصی وزیر خارجہ جمہوری اسلامی کے ایران عباس عراقچی کے ہمراہ گروپ فوٹو بنوانے کے بعد علامہ راجہ ناصرعباس اور علامہ سید جواد نقوی نے خاص طور پر علامہ سید ساجدعلی نقوی سے سلام علیک کیا اور مصافحہ بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیئے: ایام عزا کے دوران بانیاں مجالس و اہل ممبر وحدت اسلامی اور اتحاد بین المومنین کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں،علامہ رضی جعفرنقوی
تصاویر گواہ ہیں کہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری علامہ سید ساجدعلی نقوی کا ہاتھ انتہائی محبت بھرے اندازمیں اپنے دونوں ہاتھوں سے تھام کر سینے سے لگائے ہوئے ہیں اور دوران گفتگوعلامہ ساجد نقوی علامہ راجہ ناصرعباس کے ساتھ مسکراہٹوں کا تبادلہ کررہے ہیں
دوسری جانب ضیافت کے دوران علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اپنی نشست سے اٹھ کر خاص طور پرعلامہ سید جواد نقوی سے معانقہ کرنے ، رازونیاز کی باتیں کرنے کیلئے خاص ان کی جانب تشریف لائے، علامہ سید جوادنقوی نے بھی نشست سے اٹھ کر ان کا استقبال کیا
اور دونوں شخصیات نے ایک دوسرے کے ہاتھ تھام کر کافی دیرسرگوشیاں بھی کیں۔ اس دوران سفیر محترم جمہوری اسلامی ایران نے دونوں بزرگان سے خوشکوار انداز میں بات چیت کی۔
اس دیرینہ ملاقات کی شاندار تصاویر تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اور صارفین ان ملاقاتوں اور محبتوں کی تقسیم کو خون شہداءخصوصاً سردار مقاومت شہید سید حسن نصراللہ ؒ کے پاکیزہ خون کی برکت قرار دے رہے ہیں اور اس امید کا اظہار کررہے ہیں کہ انشاءاللہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور شیعہ قائدین قومی مسائل پر مشترکہ حکمت عملی وضع کریں گے۔