پاکستانپاکستان کی اہم خبریں

حکومت عوام کیخلاف طاقت کے استعمال سے گریز کرے، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان

اپنے بیان میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے رہنماء علامہ علی حسنین نے کہا کہ عوام کیخلاف ریاستی مشینری اور طاقت کے استعمال سے گریز کرنا ہوگا۔ وگرنہ عوام اور اداروں کے درمیان دوریاں پیدا ہونگی۔

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے نائب صوبائی صدر و امام جمعہ کوئٹہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ حکومت کا بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی خوش آئند ہے۔ مسائل کا حل مذاکرات اور گفت و شنید کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ عوام کے خلاف ریاستی مشینری اور طاقت کے استعمال سے گریز کرنا ہوگا، ورنہ عوام اور اداروں کے درمیان دوریاں پیدا ہوں گی، جس کے مستقبل میں منفی اثرات رونما ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ حل طلب ہے۔ کسی بھی شخص کو آئین و قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لاپتہ کرنا خود آئین کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، جس پر حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ جمہوری حکومت کو جمہور کی فکر ہونی چاہئے۔

 یہ بھی پڑھیں : اسرائیل نے سفاکانہ کارروائیوں کی تمام حدیں پار کردیں، شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ساتھ حکومت کا مذاکرات کرنا ایک دانشمندانہ عمل ہے۔ عوام الناس کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے۔ عوام کے آئینی مطالبات نہ سننے سے عوام کا حکومت پر نہ صرف اعتماد کم ہوگا، بلکہ ان کے خلاف طاقت کے استعمال سے عوام اور اداروں میں دوریاں بڑھیں گی، جس سے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔ صوبے کے مختلف شاہراہوں پر مظاہرہ کرنے والے بھی پاکستانی ہیں۔ حکومت ان کا مقابلہ کرنے کے بجائے انہیں اپنائے اور مستقبل میں آئین و قانون کی بالادستی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ان کی پکار سنے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے عوام کی نمائندگی کرے۔ عوام کے آئینی و قانونی مطالبات بغیر کسی مظاہرے کے ہی پورے ہونے چاہئے، تاہم حکومتی غفلت کے باعث بات احتجاجوں اور دھرنوں تک پہنچ جاتی ہے۔ حکومت ماضی کے تجربات سے سبق سیکھتے ہوئے مستقبل میں اپنی پالیسیاں بہتر بنائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button