ماہ عزائے امام حسین (ع) فقط ایک مسلک سے منسوب نہیں ہے، علامہ علی حسنین
اپنے بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ علی حسنین نے کہا کہ ماہ محرم الحرام شیعہ اور سنی مسلمانوں کیلئے اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے کا مہینہ ہے۔ اہلسنت کے لوگ بھی عزاداری میں شرکت کریں۔

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے نائب صدر و امام جمعہ کوئٹہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ ماہ عزائے امام حسین علیہ السلام فقط ایک مسلک سے منسوب نہیں ہے۔
بلکہ نواسہ رسول (ص) نے کربلاء کی زمین پر تمام مسلمانوں اور دین اسلام کی بقاء کے لئے عظیم قربانی دی۔
یہ مہینہ ہمارے لئے اتحاد بین المسلمین کا مہینہ ہونا چاہئے۔ تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے مسلمان بغیر کسی تفریق کے پیغمبر اسلام (ص) کے پیارے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام کے غم میں شریک ہوسکتے ہیں۔
کوئٹہ میں تیس سال قبل اہل تشیع جلوس برآمد کرتے تھے تو ہمارے اہلسنت کے بھائی سبیلوں کا اہتمام کرتے تھے۔
شہر میں اتحاد اور بھائی چارگی کا بہترین سماء تھا، تاہم بعض مفاد پرستوں نے فرقہ وارانہ فسادات کو فروغ دیتے ہوئے ہمارے درمیان دوریاں پیدا کیں۔
آج کی نئی نسل باشعور ہے، جنہوں نے فرقہ بندی اور مسلکی نفرتوں کو مسترد کر دیا ہے۔
یہی بہترین موقع ہے کہ وہ عزاداری میں شرکت کرتے ہوئے اتحاد کو مضبوط کریں اور کوئٹہ کو ایک بار پھر اتحاد بین المسلمین اور امن کا گہوارہ بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں : ابوبکر البغدادی کی بیوی کو پھانسی کی سزا
امام حسین علیہ السلام نے اپنے نانا (ص) کی امت کے لئے اپنے اصحاب و احباب کی قربانیاں دیں۔
امت مسلمہ کو فرقوں کی بنیاد پر تقسیم کرکے کمزور کرنا دشمن کی سازش ہے، جسے ناکام بنانا ہوگا۔
ماہ محرم الحرام شیعہ اور سنی مسلمانوں کے لئے اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے کا مہینہ ہے۔
ہم سب اللہ تعالیٰ، ایک نبی اور ایک قرآن کے ماننے والے ہیں۔ ہمارے درمیان نفرتیں پھیلانے والوں کی دکانیں بند ہو گئی ہیں۔
اب ہمیں اتحاد و اتفاق کا دامن تھام کر آگے بڑھنا ہوگا۔