شیعت نیوز اسپیشل

شبِ نیمہ شعبان و شبِ برات، اللہ سے مناجات اور استغفار کی رات

شیعیت نیوز: امام جعفر صادقؑ فرماتے ہیں کہ امام محمد باقرؑ سے نیمۂ شعبان کی رات کی فضیلت کے بارے میں پوچھا گیا تو فرمایا: یہ رات شب قدر کے علاوہ تمام راتوں سے افضل ہے۔

پس اس رات تقرب الٰہی حاصل کرنے کی کوشش کرنا چاہیئے۔ اس رات خدا تعالیٰ اپنے بندوں پر فضل و کرم فرماتا ہے اور ان کے گناہ معاف کرتا ہے۔

حق تعالیٰ نے اپنی ذاتِ مقدس کی قسم کھائی ہے کہ اس رات وہ کسی سائل کو خالی نہ لوٹائے گا سوائے اس کے جو معصیت و نافرمانی سے متعلق سوال کرے۔

خدا نے یہ رات ہمارے لیے خاص کی ہے جیسے شب قدر کو رسول اکرمؐ کے لیے مخصوص فرمایا۔

پس اس شب میں زیادہ سے زیادہ حمد و ثنائے الٰہی کرنا اس سے دعا و مناجات میں مصروف رہنا چاہیئے۔

اس رات کی عظیم بشارت سلطان عصر حضرت امام مہدی ﴿عج﴾ کی ولادت باسعادت ہے جو ۲۵۵ھ میں بوقت صبح صادق سامرہ میں ہوئی جس سے اس رات کو فضیلت نصیب ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:شب برات ،نیمہءِ شعبان کی فضیلت و اہمیت کیونکر ہے؟

اس رات کے چند ایک اعمال ہیں: 1۔ غسل کرنا کہ جس سے گناہ کم ہو جاتے ہیں۔

2۔نماز اور دعا و استغفار کے لیے شب بیداری کرے امام زین العابدینؑ کا فرمان ہے کہ جو شخص اس رات بیدار رہے تو اس کے دل کو اس دن موت نہیں آئے گی جس دن لوگوں کے قلوب مردہ ہو جائیں گے۔

3۔اس رات کا سب سے بہترین عمل امام حسینؑ کی زیارت ہے کہ جس سے گناہ معاف ہوتے ہیں۔

4۔وہ صلوٰت پڑھے جو ہر روز بوقت زوال پڑھا جاتا ہے۔

5۔اس رات دعائے کمیل پڑھنے کی بھی روایت ہوئی ہے اور یہ دعا باب اول میں ذکر ہوچکی ہے۔

6۔ مصباح میں شیخ نے ابو یحییٰ سے روایت کی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے شعبان کی پندرھویں رات کی فضیلت کا ذکر کرتے ہوئے امام جعفر صادقؑ سے پوچھا کہ اس رات کیلئے بہترین دعا کون سی ہے؟ حضرت نے فرمایا اس رات نمازِعشا کے بعد دو رکعت نماز پڑھے جس کی پہلی رکعت میں سورۂ الحمد اور سورۂ کافرون اور دوسری رکعت میں سورۂ الحمد اور سورۂ توحید پڑھے۔ نماز کا سلام دینے کے بعد 33 مرتبہ سبحان اللہ، 33 مرتبہ الحمد للہ اور 34 مرتبہ اللہ اکبر کہے۔

7۔ اس رات نماز تہجد کی ہر دو رکعت کے بعد اور نماز شفع اور وتر کے بعد وہ دعا پڑھے کہ جو شیخ و سید نے نقل فرمائی ہے۔

8۔سجدے اور دعائیں جو رسول اللہ سے مروی ہیں وہ بجا لائے ۔

9۔ اس رات نماز جعفر طیارؑ بجا لائے، جو شیخ نے امام علی رضاؑ سے روایت کی ہے۔

10۔ اس رات کی مخصوص نمازیں پڑھے جو کئی ایک ہیں، ان میں سے ایک وہ نماز ہے جو ابو یحییٰ صنعانی نے حضرت امام محمد باقر اور حضرت امام جعفر صادقؑ سے، نیز دیگر تیس معتبر اشخاص نے بھی ان سے روایت کی ہے۔ کہ فرمایا: پندرہ شعبان کی رات چار رکعت نماز بجا لائے کہ ہر رکعت میں سورۂ الحمد کے بعد سو مرتبہ سورۂ توحید پڑھے ۔

یاد رہے کہ اس رات سو رکعت نماز بجا لانے کی بڑی فضیلت وارد ہوئی ہے، اس کی ہر رکعت میں سورۂ الحمد کے بعد دس مرتبہ سورۂ توحید پڑھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button