اہم ترین خبریںپاکستان

شیعہ علماء کونسل پاکستان جنوبی پنجاب کی صوبائی صدارت کے امید وار کون ہیں؟

الیکشن میں 7 اُمیدوار حصہ لے رہے ہیں

شیعہ علماء کونسل پاکستان جنوبی پنجاب کی صوبائی صدارت کے لئے الیکشن 23 دسمبر کو ملتان میں ہوگا، الیکشن میں 7 اُمیدوار حصہ لے رہے ہیں، ان اُمیدواروں کی تنظیمی فعالیت اور شخصیت کے حوالے سے اس رپورٹ میں نظر ڈالتے ہیں۔

(1) علامہ موسیٰ رضا جسکانی:
علامہ موسیٰ رضا جسکانی، جامعہ امام علی رضا علیہ السلام مرغائی ضلع راجن پور کے پرنسپل ہیں، علامہ موسیٰ رضا جسکانی شیعہ علما کونسل میں ضلع، صوبہ اور مرکزی ذمہ داریوں پر کام کرچکے ہیں، حق گوئی اور قومی خدمات کی انجام دہی کی پاداش میں فورتھ شیڈول میں بھی رہ چکے ہیں۔ شیعہ علماء کونسل جنوبی پنجاب کے صدر بھی رہ چکے ہیں، آج کل شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں، جنوبی پنجاب بھر میں شیعہ علماء کونسل میں اپنا وسیع حلقہ احباب رکھتے ہیں، 23 دسمبر کو ہونے والے صوبائی الیکشن میں صوبائی صدر کے مضبوط اُمیدوار ہیں۔

(2) سید نیئر عباس کاظمی:
سید نیئر عباس کاظمی کا تعلق جنوبی پنجاب کے ضلع لیہ سے ہے، ضلع لیہ اور جنوبی پنجاب میں مختلف ذمہ داریوں پر کام کرچکے ہیں، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی جنرل سیکرٹری کے طور پر فرائض انجام دے چکے ہیں، پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں۔ ضلع لیہ میں امن کمیٹی کے ممبر اور سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامی تحریک پاکستان نے اُنہیں لیہ کے صوبائی حلقہ پی پی 281 سے اپنا اُمیدوار نامزد کیا، سید نیئر عباس کاظمی متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے بھی پی پی 281 سے الیکشن میں حصہ لے چکے ہیں، شیعہ علماء کونسل جنوبی پنجاب کی صدارت کے لیے ایک مضبوط اُمیدوار کے طور پر میدان میں موجود ہیں۔

(3) مولانا امداد علی گھلو:
مولانا امداد علی گھلو کا تعلق جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور سے ہے، قم المقدسہ سے ایم فل فلسفہ کیا ہے، تحریر اور خطابت میں شغف رکھتے ہیں، قم المقدسہ اور جنوبی پنجاب کے مذہبی حلقوں میں اپنی خطابت اور تحریروں کے باعث شہرت رکھتے ہیں۔ شیعہ علماء کونسل جنوبی پنجاب کے حالیہ 23 دسمبر کو ہونے والے صوبائی الیکشن میں مضبوط اُمیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

(4) تجمل عباس مہدی:
تجمل عباس مہدی کا تعلق ضلع وہاڑی سے ہے۔ ضلعی سطح پر شیعہ علماء کونسل میں مختلف ذمہ داریوں پر کام کرچکے ہیں، وہاڑی میں جامعہ حیدریہ تعلیم القرآن کے مہتم ہیں، تجمل عباس مہدی اس وقت شیعہ علماء کونسل وہاڑی کے جنرل سیکرٹری ہیں اور 23 دسمبر کو ہونے والے صوبائی الیکشن میں صدارت کے اُمیدوار ہیں۔

(5) مولانا اعجاز حسین بہشتی:
مولانا اعجاز حسین بہشتی کا بنیادی تعلق ضلع مظفرگڑھ سے ہے، دینی تعلیم مدرسہ مصباح العلوم ملتان سے حاصل کی، زمانہ طالبعلمی سے تنظیمی اُمور میں فعال ہیں، ملتان میں ایک مسجد کے خطیب ہیں اور دینی حلقوں میں پہچان رکھتے ہیں، اس سے قبل شیعہ علماء کونسل ضلع ملتان میں مختلف ذمہ داریوں پر کام کرچکے ہیں۔ اس سے پہلے وہ ضلع ملتان کے ضلعی آرگنائزر کے طور پر بھی کام کرچکے ہیں، ٹیم عزادار حسین سمیت مجلس علمائے اسلامیہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری کے طور پر بھی کام کر رہے ہیں، 23 دسمبر کو شیعہ علماء کونسل جنوبی پنجاب کے ہونے والے صوبائی الیکشن میں صدارت کے اُمیدوار ہیں۔

(6) الطاف حسین جعفری:
الطاف حسین جعفری کا تعلق ملتان کے علاقے سوتری وٹ سے ہے، آپ ضلع ملتان میں تنظیمی معاملات میں پیش پیش رہتے ہیں، اس وقت شیعہ علماء کونسل ملتان تحصیل کے صدر ہیں اور شیعہ علماء کونسل جنوبی پنجاب کی صدارت کے لیے اُمیدوار ہیں۔

(7) مظہر عباس بھٹی:
مظہر عباس بھٹی کا تعلق ضلع لیہ سے ہے، تنظیمی اُمور میں ضلع لیہ میں فعال شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں، اس وقت شیعہ علماء کونسل ضلع لیہ کے سینیئر نائب صدر ہیں، لیہ میں نوجوانوں میں خاصے مقبول ہیں، 23 دسمبر کو ہونے والے صوبائی الیکشن میں صدارت کے اُمیدوار ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button