ایران

صیہونیوں کے جرائم سے فلسطین کی فتح ختم نہیں ہوگی، جنرل علی حاجی زادہ

شیعیت نیوز: سپاہ پاسداران کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر جنرل علی حاجی زادہ نے کہا ہے کہ فلسطین کی فتح صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم سے ختم ہونے والی نہیں ہے اور ایران طاقت کے عروج پر ہے، کوئی اس کو دھمکی نہیں دے سکتا ۔

ارنا کے مطابق سپاہ پاسداران کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر جنرل علی حاجی زادہ نے پیر کی صبح تہران کی شہید رجائی یونیورسٹی میں ’’ شہید جنرل طہرانی مقدم‘‘ پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب میں کہا کہ محکم ، طاقتور اور مخلصانہ کمان، انقلابی اور کارآمد ہونا، شہید طہرانی مقدم کی تین نمایاں ترین خصوصیات تھیں۔

جنرل علی حاجی زادہ نے کہا کہ یہ تین خصوصیات جس کے اندر بھی پائی جائيں گی وہ فوجی اور غیر فوجی ہر میدان میں کامیاب رہے گا۔

سپاہ پاسداران کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈرنے علاقے کے حالات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آج غزہ کا مسئلہ ایک عالمی مسئلہ بن گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : علاقائی مزاحمتی گروہ ایران سے ہدایات نہیں لیتے ہیں، ایرانی وزارت خارجہ

انھوں نے کہا کہ چالیس برس پہلے ہی امام خمینی رحمت اللہ علیہ اور ایران کے حکام نے غاصب صیہونی حکومت کو جرائم پیشہ کہا تھا اور آج سبھی براعظموں کے لوگ اور اقوام اس غاصب حکومت کے جرائم کی گہرائیوں کی طرف متوجہ ہوگئ ہیں۔

جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ ماضی میں ایران کے حکام پر تنقید ہوتی تھی کہ صیہونی حکومت کے بارے میں اس طرح کیوں بات کرتے ہیں، لیکن آج اس حکومت کا بچوں کا قاتل ہونا اور اس کے جرائم کی گہرائیاں سب پر عیاں ہوگئی ہیں اور اب اس کی عمر زیادہ نہیں بچی ہے۔

سپاہ پاسداران کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر نے کہا کہ فلسطینی مجاہدین کی کامیابی بہت بڑی اور اسٹریٹیجک ہے ۔

انھوں نے کہا یہ کامیابی صیہونی حکومت کے جرائم اور بچوں کے قتل عام سے ہرگز ختم ہونے والی نہیں ہے، وہ مطلقا کامیاب ہیں اور دنیا مستقبل میں اس کو دیکھے گی۔

جنرل حاجی زادہ نے لبنان اور حزب اللہ تک جنگ پھیل جانے پر ایران کے ردعمل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آج جنگ پھیل چکی ہے، لبنان بھی اس میں شامل ہوچکا ہے؛ لڑائی کی سطح اس سے بھی بڑھ سکتی ہے کیونکہ یہ مبہم ہے کہ آئندہ کیا ہوگا لیکن ایران سبھی حالات کے لئے تیار ہے۔

انھوں نے ایران کے لئے امریکی دھمکی کے بارے میں کہا کہ امریکی ایران کو دھمکی نہیں دے رہے ہیں، کیونکہ ایران کو جو مکتوب انھوں نے بھیجے ہیں اور بعض دفعہ ایک رات میں تین خط بھیجے ہیں اور ان تمام خطوط میں درخواست اور التماس ہے۔

سپاہ پاسداران کی ایرواسپیس فورس کے کمانڈر نے کہا کہ ’’ ایران کمزور نہیں ہے کہ کوئی اس کو دھمکی دے، ہم طاقت کے عروج پر ہیں اور سبھی حالات کے لئے ہم نے خود کو تیار کررکھا ہے۔‘‘

متعلقہ مضامین

Back to top button