دنیا

فلسطین میں جنگی جرائم، بولیویا نے صہیونی حکومت سے سفارتی تعلقات منقطع کردیئے

شیعیت نیوز: غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین سمیت بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف بربریت اور جنگی جرائم کے ارتکاب کی وجہ سے کولمبیا کے بعد بولیویا نے بھی صہیونی حکومت سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

رائٹرز نے کہا ہے کہ بولیویا کی وزارت خارجہ نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں صہیونی حکومت کو غزہ میں جنگی جرائم کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

بولیویا کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے ’’اسرائیل‘‘ پر غزہ کی پٹی پر حملوں میں انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اس کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یمنی تنظیم انصاراللہ میدان جنگ میں داخل ہوگئی، میجر جنرل یحیی سریع

خیال رہے کہ اس سے پہلے 2009 میں بھی غزہ کی پٹی پر حملے کے بعد بولیویا نے اسرائیل سے تعلقات ختم کئے تھے جوکہ 2020 میں دوبارہ بحال ہوگئے تھے تاہم حالیہ جنایات پر دوبارہ تعلقات منقطع ہوگئے ہیں۔

فلسطینی تنظیم حماس نے بولیویا کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے صہیونی حکومت کے ساتھ تعلقا ت قائم کرنے کے خواہاں اسلامی ممالک سے اپیل کی ہے کہ اسرائیل سے تعلقات کا منصوبہ مکمل ختم کریں۔

حماس نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے والے عرب اور مسلمان ممالک پر زور دیا کہ وہ بولیویا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے غزہ میں جنگی جرائم پر بہ طور احتجاج اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کریں۔

دوسری طرف غزہ پر صہیونی جارحیت کے جواب میں القدس بریگیڈ نے تل ابیب پر دوبارہ میزائل حملے کئے ہیں۔ تازہ ترین حملوں میں صہیونی شہر عسقلان پر میزائلوں کی بارش ہوئی ہے۔

صہیونی چینل 12 کے مطابق غزہ کے اطراف میں صہیونی زمینی دستوں اور مقاومتی گروہوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہورہی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button