اہم ترین خبریںپاکستان

چہلم امام حسین کے مرکزی جلوس اختتام

شیعت نیوز : ملک بھر میں امام حسینؑ کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں روایتی جلوس برآمد ہوئے۔ 

ملک بھر میں چہلم امام حسین کے جلوس امن و امان کے ساتھ اختتام ہوگئے جب کہ کراچی میں چہلمِ امام حسین علیہ السلام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر میں اختتام پذیر ہوا، اس موقع پر سیکیورٹی حکام نے جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کیا جب کہ سیکیورٹی کےلیے 6 ہزار سے زائد پولیس و رینجرز کے جوان تعینات رہے۔

کراچی میں چہلم امام حسین کی مرکزی مجلس سے مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا جب کہ ایم اے جناح روڈ پر آئی ایس او کے زیراہتمام نماز ظہرین مولانا امین شہیدی کی اقتداء میں ادا کی گئی۔

مرکزی جلوس میں شامل خواتین و بچوں سمیت لاکھوں عزاداروں نے سید الشہداء پر گریہ و زاری کے ساتھ ساتھ متنازعہ توہین صحابہ ترمیمی بل کے خلاف نعرے بازی بھی کی جب کہ اسیران ملت جعفریہ کے بچوں نے لاپتہ شیعہ عزاداروں کی رہائی کےلیے احتجاج کیا۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں چہلم امام حسین کا مرکزی جلوس علمدار روڈ شہداء چوک سے برآمد ہوا جس کی سیکیورٹی کےلیے جلوس کے اطراف 5 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔

سیکیورٹی حکام کا میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے فوج اسٹینڈ بائی پر رہے گی، کوئٹہ کے 4 تھانوں کی حدود میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ہنزہ، بنوں اور کوہاٹ

ہنزہ میں اربعین کا مرکزی جلوس گنش امامیہ کمپلکس سے برآمد ہوا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مسجد علی آباد میں اختتام ہوگا جب کہ کوہاٹ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ مین بازار سے برآمد ہوکر تحصیل گیٹ سے ہوتا ہوا غازی حلیم کے مزار پر اختتام پذیر ہوگا۔

دوسری جانب بنوں میں امام بارگاہ حسینیہ سے برآمد ہونے والا چہلمِ سید الشہداء علیہ السلام کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دن 12 بجے واپس امام بارگاہ حسینیہ پر ہی اختتام پذیر ہوگیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button