ڈرون طیارے روس برآمد کرنے کا یورپی یونین کا دعویٰ بے بنیاد ہے، ناصر کنعانی

شیعیت نیوز: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ڈرون طیارے روس برآمد کرنے سے متعلق یورپی یونین کے دعوے کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے روس کو ایرانی ڈرون برآمد کرنے کے بارے میں یورپی یونین کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوۓ کہا کہ یوکرین کی جنگ کو ایران اور روس کے درمیان دو طرفہ تعاون سے جوڑنے کی کی کوئی بھی کوشش سیاسی محرکات کی حامل ہے۔
ناصر کنعانی نے روس کو ڈرون طیاروں کی برآمد کے الزام کو ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنےکا بہانہ قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران متعدد بار سرکاری سطح پر یورپی یونین کے اس بے بنیاد دعوے کی تردید کر چکا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یوکرین کی جنگ کے خاتمے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ناصر کنعانی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے مغرب ایران کے خلاف سیاسی مقاصد کے تحت پابندیاں لگانے کی غیر موثر اور ناکام پالیسی کو جاری رکھنے کے لیے جھوٹے دعووں کا سہارا لے رہا ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کی پابندیوں کے خلاف جوابی اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قیام امام حسینؑ کا مقصد امر بالمعروف اور نہی عن المنکر ہے، صدر رئیسی
دوسری جانب امریکہ کی جانب سے ایران کو جہاز رانی کے عالمی دن کی ميزبانی سے روکے جانے پر ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے آئی ایم او کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کی راہ میں امریکہ کی جانب سے رکاوٹ کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے جہاز رانی کے عالمی دن کے سالانہ اجلاس کو تہران میں منعقد کرنے کی راہ میں روڑے اٹکا کر ایک بار پھر اپنی سامراجی ذہنیت و زور زبرستی کی ماہیت کو واضح کردیا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے مزيد کہا کہ برطانیہ کے تعاون سے امریکہ کے اس اقدام سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اقوام متحدہ کے ٹکنیکل اور خاص اداروں کے سیاسی استعمال میں امریکہ کسی حد کا قائل نہیں ہے خواہ اس قسم کے اقدام سے کسی عالمی ادارہ کی ساکھ ہی کیوں متاثر نہ ہو۔
ناصر کنعانی نے آئی ایم او کے اکثر اراکین کے ووٹوں کو امریکہ کی جانب سے نظر انداز کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ امریکی حکومت، جھوٹ، الزام تراشی اور غلط بیانی کا سہارا لے کر اپنے غیر قانونی اقدامات پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دیا کہ ایران آئی ایم او(International Maritime Organization) کا ایک رکن ہونے کی حیثيت سے، بین الاقوامی جہاز رانی میں اپنے ذمہ دارانہ اور سرگرم کردار پر زور دیتا ہے اور ہمیشہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق عمل کرتا ہے۔
یہ ایسے میں ہے کہ اس اجلاس کے تہران میں انعقاد کو 8 برس قبل آئی ایم او کے لندن اجلاس میں منظوری دی جا چکی تھی اور پھر اقوام متحدہ کے اس ذیلی ادارے کی جنرل اسمبلی میں بھی اس کی توثیق کی گئی تھی۔