دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے حشد الشعبی کا آپریشن جاری

شیعیت نیوز: بغداد کے شمالی علاقے الطارمیہ میں دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے حشد الشعبی کا آپریشن جاری ہے۔
عراق سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ بغداد کے شمالی علاقے الطارمیہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے عراق کی عوامی رضاکارفورس حشد الشعبی کا آپریشن جاری ہے جو اب تکمیل کے مراحل میں پہنچ رہا ہے ۔
عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ بغداد کے شمال کے بعض علاقے دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کردیئے گئے ہیں۔
اس درمیان عراقی میڈیا نے خبردی ہے کہ حشد الشعبی سنجار کے علاقے کے باشندوں کے ساتھ مل کر وہاں ایک نئی بریگیڈ تیار کررہی ہے جس کی ذمہ داری موصل کے مغرب میں واقع سنجار کے علاقے کی سیکورٹی اور اس علاقے سے نقل مکانی کرجانے والے باشندوں کی واپسی کو یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حقیقت پسندانہ اور لچک دار سعودی پالیسی عرب ممالک اور خطے کے مفاد میں ہے، بشار اسد
حشد الشعبی کے سربراہ فالح الفیاض نے بھی کہا ہے کہ عوامی رضاکارفورس سنجار کے علاقےکے باشندوں کے ساتھ مل کر ایک بریگیڈ تشکیل دینے میں ان کی مدد کرے گی.
ان کا کہنا تھا کہ سنجار میں حشد الشعبی کی نئی بریگیڈ اور عوامی رضا کارفورس کی موجودگی عراق کا ایک داخلی معاملہ ہے جس کا ترکی سے کوئی ربط نہیں ہے ۔
فالح الفیاض کا کہنا تھا کہ حشد الشعبی سنجار کے باشندوں کے مصائب وآلام کم اور اس علاقے میں امن و امان برقرار کرنے کے لئے اپنی پوری کوشش کررہی ہے ۔
اُدھر کرکوک کے وادی الشای علاقے میں بھی عراقی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے روپوش ہو جانے والے داعشی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
عراق کے جوائنٹ آپریشنز ہیڈ کوارٹر کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ حملہ داعش کے دہشت گرد عناصر کے تعاقب اور مشترکہ آپریشنز کمانڈ کی منصوبہ بندی اور ملٹری انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ کی معلومات اور تفصیلی نگرانی کی بنیاد پر کیا گیا۔
خیال رہے کہ دیالہ، نینوا، صلاح الدین، کرکوک اور الانبار صوبوں اور بغداد کے بعض علاقوں میں تکفیری ٹولے داعش کے دہشت گرد اب بھی مخفی طور پر سرگرم عمل ہیں جو گاہے بگاہے عوام اور سکیورٹی فورسز کو اپنا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔