دنیا

نیٹو میں شمولیت کے لیے ترکی، سویڈن اور فن لینڈ کے مذاکرات ملتوی ، روسی میڈیا

شیعیت نیوز: روسی اسپوتنک نیوز ایجنسی نے نیٹو میں شمولیت کے لیے ترکی، سویڈن اور فن لینڈ کے درمیان مذاکرات ملتوی کیے جانے کی خبر دی ہے۔

روسی خبر ایجنسی اسپوتنک رپورٹ کے مطابق ترکی، سویڈن اور فن لینڈ کے درمیان نیٹو میں شمولیت کے لیے ہونے والے مذاکرات ملتوی ہوگئے ہیں۔

مذکورہ روسی خبر ایجنسی کے مطابق مذکورہ مذاکرات انقرہ کی درخواست پر تا اطلاع ثانوی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ اسپوتنک نے مزید کہا کہ ان سہ فریقی مشاورتوں کا التوا غیر معینہ مدت کے لیے ہوا ہے۔

در ایں اثنا چند گھنٹے قبل فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا ہاویستو نے سویڈن کی جانب سے سٹاک ہوم کے نیٹو سے الحاق کے لیے ترکی کی رضامندی اور منظوری حاصل کرنے میں حالیہ مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ممکنہ طور پر فن لینڈ اکیلے کام کرنے پر مجبور ہوسکتا ہے۔

ہاویستو نے کہا کہ فن لینڈ اور سویڈن نے گزشتہ سال نیٹو میں شمولیت کے لیے درخواست دی اور اس عمل کو ایک ساتھ مکمل کرنے کو ترجیح دی۔ تاہم ترکی کے ساتھ سویڈن کے بگڑتے تعلقات کو دیکھتے ہوئے شاید ہیلسنکی اسٹاک ہوم سے الگ ہوجائے۔

یہ بھی پڑھیں : شام کی مزاحمت ہوئی کامیاب ، سعودی وزیر خارجہ کا بڑا بیان

انہوں نے مزید کہا کہ اگر انقرہ سویڈن کے الحاق کی منظوری کو طول دیتا ہے تو فن لینڈ کی حکومت ’’حالات کا از سر نو جائزہ لے گی‘‘۔ ان کے بقول فن لینڈ کی حکومت کو سویڈن کے نیٹو سے الحاق کے عمل میں ترکیہ میں مئی میں ہونے والے عام انتخابات تک کسی پیش رفت کی توقع نہیں ہے۔

ہاویستو نے کہا کہ فن لینڈ، سویڈن اور ترکی کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کئی ہفتوں تک ’’ملتوی‘‘ ہو سکتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے انہوں نے دونوں ممالک کی درخواستوں کو الگ کرنے کے خیال پر بھی بات کی تھی۔

یاد رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوغان نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت سٹاک ہوم میں ترکی مخالف مظاہروں اور قرآن نذر آتش کرنے کے بعد سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی کوشش کی حمایت نہیں کرے گی۔

یاد رہے کہ سٹاک ہوم میں سویڈش حکام کی اجازت کے ساتھ ہونے والے ایک حالیہ مظاہرے میں ایک انتہا پسند ڈینش-سویڈش سیاست دان راسموس پالوڈن نے ترکی کے سفارت خانے کے سامنے قرآن مجید کو نذر آتش کیا۔ قابل ذکر ہے کہ مذکورہ شخص کی جانب سے متعدد بار قرآن مجید کی بے حرمتی کی گئی ہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button