اہم ترین خبریںایران

سیستان و بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی کاروائی، داعش کے دہشت گرد گرفتار

شیعیت نیوز: ایرانی سیکورٹی فورسز نے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں داعش اور تکفیری دہشت گردوں سے وابستہ دو ٹیموں کو تباہ کردیا جن کا مقصد بیرون ملک کی حمایت سے اس علاقے میں بدامنی پیدا کرنا تھا۔

صوبے سیستان و بلوچستان کے انٹیلی جنس آرگنائزیشن نے جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی سیکورٹی فورسز کی ہوشیاری، سپاہ پاسداران کی قدس فورس اور پولیس فورسز کی بروقت کاروائی کے ساتھ عبرانی، مغربی اور عرب نیٹ ورکس سے وابستہ عناصر کی سازشوں کو بے نقاب کردیا گیا اور ان کو گرفتاری کے بعد عدالتی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ان دہشت گردوں کا مقصد ملک میں بد امنی پھیلانا تھا جبکہ صوبے سیستان و بلوچستان کے علاقے میں موجود غیر ملکیوں اور تاجروں کا اغوا بھی ان کے ایجنڈے میں شامل تھا۔

اس بیان کے مطابق، ان ٹیموں کا ایک ہدف چابہار میں غیر ملکیوں اور تاجروں کو یرغمال بنانا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی مسلح افواج کا سپاہ پاسداران کو بلیک لسٹ کرنے پر یورپی یونین کو انتباہ

پکڑے گئے دہشت گردوں کے درمیان افغان اور تاجیک شہری بھی شامل ہیں اور ان کے اعترافات سے پتہ چلتا ہے کہ ایران کے جنوب مشرقی علاقوں میں بد امنی کا ماحول پیدا کرنے کے لئے دشمن قوتوں نے بڑے پیمانے پر منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ مہینوں کے دوران ایران دشمن طاقتوں نے ملک کے مختلف علاقوں منجملہ صوبے سیستان و بلوچستان میں بد امنی کو ہوا دینے کی بھرپور کوشش کی جس کے تحت انہوں نے اپنے آلۂ کاروں کے ہاتھوں گزشتہ برس تیس ستمبر کو ایک پولیس چوکی پر حملے کا منصوبہ بنایا اور اس پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔

اس موقع پر ہونے والی جھڑپوں میں متعدد عام شہریوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

اس واقعے کے بعد کچھ اور مسلح عناصر نے علاقے کی مشتعل فضا کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے عام شہریوں اور عمومی املاک کو نقصان پہنچانے کے علاوہ سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی مہم شروع کی جس کے تحت متعدد عام شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔

تاہم آخرکار ایرانی عوام کی ہوشیاری اور انٹیلی جنس کی شب و روز کی جد جہد کے بعد دشمن کا یہ منصوبہ بھی ناکام ہو گیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button