امریکہ نے پاکستان کو آزادی مذہب کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک میں شامل کر لیا

شیعیت نیوز: امریکہ نے پاکستان سمیت 12 ممالک کو آزادی مذہب کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا۔
امریکی فہرست میں سعودی عرب، ایران، چین، شمالی کوریا، روس، تاجکستان، ترکمانستان، برما، کیوبا، ایری ٹیریا، نکاراگوا بھی شامل ہیں جبکہ آزادی مذہب کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک میں بھارت کا نام شامل نہیں کیا گیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق داعش اور طالبان کو particular concern لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا بھر میں حکومتوں، غیر سرکاری قوتوں نے اپنے عقائد اور مذاہب کی بنیاد پر بہت سے لوگوں کو ہراساں، خوف زدہ کیا اور جیل میں بند کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں قتل بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں : نائجیریا کی فوج کا آپریشن، بوکو حرام کے 44 دہشت گردوں ہلاک
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ کچھ ایسی مثالیں بھی موجود ہیں کہ سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے لوگوں کی مذہبی آزادی کو دبایا گیا ہے۔
انٹونی بلنکن نے کہا کہ آج میں پاکستان، روس چین، ایران، سعودی عرب، تاجکستان، ترکمانستان، نکاراگوا، شمالی کوریا، میانمار اور اریٹریا کو مذہبی آزادی کی شدید خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے یا ایسے اقدامات کو برداشت کرنے کی وجہ سے خاص تشویش والے ممالک‘ (سی پی سی) میں شامل کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ جو ممالک مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کا خیال رکھتے ہیں، پرامن اور خوشحال ہوتے ہیں، ہم ان حقوق کی ہر ملک میں احتیاط سے نگرانی کرتے ہیں۔
دوسری جانب مذہبی آزادی سے متعلق امریکی خود مختار کمیشن نے بھارت کا نام لسٹ میں شامل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا، امریکی کمیشن نے بھارت میں اقلیتوں پر ظلم کے باعث بھارت کا نام لسٹ میں شامل کرنے کا کہا تھا۔
واضح رہے کہ امریکہ نے ایسے وقت میں مذکورہ ممالک کو مبینہ طور پر مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے یا ایسے اقدامات کو برداشت کرنے کے الزام کے تحت خودساختہ لسٹ میں شامل کیا ہے کہ خود امریکہ کو دنیا والوں کی طرف سے دہشتگردی، نسل پرستی، انسانی حقوق کی بد ترین پامالی اور اپنی غیر قانونی یک طرفہ پالیسیوں کو غیروں پر مسلط کرنے جیسے سنگین الزامات کا سامنا ہے۔