لاہور ہائیکورٹ میں سالانہ یوم حسین ؑ کا انعقاد، علامہ حسن ظفرنقوی کاخصوصی خطاب
اس موقع پر نعت،منقبت اور سلام کے ذریعے بارگاہ رسالت اور امامت میں گل ہائے عقیدت بھی پیش کیئے گئے۔

شیعیت نیوز: المصطفےٰ لائرز فورم پاکستان کے زیر اہتمام یوم امام حسین علیہ السّلام کا سالانہ پروگرام ڈاکٹر جاوید اقبال ایڈیٹوریم لاہور ہائی کورٹ میں منعقد ہوا جس میں میں حجتہ الاسلام و المسلمین آغا سید حسن ظفر نقوی صاحب کراچی، مذہبی سکالر ڈاکٹر علی وقار قادری صاحب منہاج القرآن لاہور ،ڈاکٹر انور گوندل صاحب ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب ،سابقہ جسٹس مظہر اقبال سدھو صاحب ،سید ضیاء حیدر رضوی سابقہ منسٹر پنجاب ،سردار علی اکبر ڈوگر صاحب صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ،رائے محمد عثمان جنرل سیکرٹری لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ،ملک عمار یاسر کھوکھر صاحب جنرل سیکرٹری لاہور بار ایسوسی ایشن ،چوہدری شاکر علی چاہل صاحب ،ممبر پنجاب بار کونسل منیر احمد بھٹی صاحب،ممبرپنجاب بار کونسل سردار ادیب اسلم بھنڈر صاحب اور دیگر معززین وکلاء حضرات نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس نےزائرین کےمسائل حل نہ ہونے پر ڈی چوک مارچ کا اعلان کردیا
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سیرت امام حسین علیہ السّلام اور مقصد کربلا پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول سید الشہداء امام عالی مقام نے میدان کربلا میں حق و باطل کا فرق واضح کرتے ہوئے منافقین کے چہروں کو بےنقاب کیا اور مدینہ سے کربلا تک اپنے خطبات کے ذریعے ثابت کیا کہ یہ منافقین نہ صرف اسلام اور قرآن کے منکر ہیں بلکہ سنت رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے بھی مخالف ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حقیقی عاشق حسین علیہ السّلام وہ ہے جو ظالمین کے خلاف قیام کرے اور مظلومین کا ساتھ دے خواہ ان کا تعلق کسی بھی قوم یا مذہب سے ہو کیونکہ یہی حقیقی پیغام امام حسین علیہ السّلام ہے،امام عالی مقام نے غلامی سے نجات اور حریت و آزادی کا درس دے کر ہر دور کے انسان کو بیدار کر دیا،اس موقع پر نعت،منقبت اور سلام کے ذریعے بارگاہ رسالت اور امامت میں گل ہائے عقیدت بھی پیش کیئے گئے۔