ایم ڈبلیوایم بلوچستان کے صوبائی انتخابات، علامہ سید ظفرعباس شمسی نئے صوبائی صدر منتخب ہوگئے
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری ایمپلائز ونگ ملک اقرار حسین نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملک بھر میں ملت جعفریہ کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کی طرف سے کوئٹہ میں راہیاں کربلا کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں اکثرت رائے سے علامہ سید ظفر عباس شمسی کو مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کا صوبائی صدر منتخب کیا گیا۔ دو روزہ صوبائی کنونشن کے موقع پر مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے نو منتخب صوبائی صدر کا اعلان کیا، جبکہ مرکزی وائس چئیرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے نو منتخب صدر سے حلف لیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چئیرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ایک الٰہی تنظیم ہے۔ یہ محروموں اور مظلوموں کی تنظیم ہے۔ ہمارا مقصد ملک کے کونہ کونہ میں حسینی پیغام عام کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہزادی سکینہ بنت الحسین ؑ کے گستاخ ملعون سلطان گل کی فوری گرفتاری اور سزا کیلئے اسلام آباد میں احتجاج
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری ایمپلائز ونگ ملک اقرار حسین نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملک بھر میں ملت جعفریہ کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ ہم پاک وطن کے با وفا بیٹے ملکی عزت، وقار اور تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان کی دھرتی شہداء کی دھرتی ہے اور ہم ان شہداء کے میشن کو آگے بھڑائیں گے۔ انہوں نے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سابقہ صوبائی صدر علامہ برکت علی مطہری اور ان کی کابینہ کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ نو منتخب صدر و کابینہ بلوچستان کو مجلس وحدت مسلمین کا مضبوط قلعہ بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مجلس علمائے شیعہ پاکستان جنوبی پنجاب کا پہلا باضابطہ اجلاس، علامہ قاضی نادر علوی صدر منتخب
صوبائی کنونشن میں سابق وزیر قانون و رکن شورٰی عالی آغا سید محمد رضا، علامہ شیخ ولایت جعفری، علامہ برکت علی مطہری، آغا سہیل اکبر شیرازی اور دیگر اراکین شورٰی عالی نے شرکت کی۔ اس موقع پر نومنتخب صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ اس الٰہی تنظیم کی ذمہ داری میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ میں بلوچستان کے عوام کی خدمت اور اپنی مظلوم ملت کے لئے جدوجہد کروں گا۔ میں ان تمام مظلوم شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جن کا لہو عشق اہلبیتؑ کے جرم میں بلوچستان کی دھرتی پر بہایا گیا۔ کنونشن کے اختتام پر اراکین مرکزی کابینہ اور صوبائی ذمہ داران نے گنج شہداء پہنچ کر مزار شہداء پر حاضری دی۔