مشرق وسطی

ہم ایران کے ساتھ معاہدے کے جلد حصول کے خواہاں ہیں، شیخ خالد العطیہ

شیعیت نیوز: قطر کے مشیر برائے دفاعی امور شیخ خالد العطیہ نے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی جوہری معاہدے کی تکمیل کے بعد خطے کے ممالک کے ہمراہ سکیورٹی فریم ورک پر کام شروع کر دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق قطری دارالحکومت میں منقعد ہونے والی دوحہ کانفرنس سے خطاب کے دوران خالد العطیہ کا کہنا تھا کہ ہم ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے جلد از جلد مکمل ہونے کے خواہاں ہیں تاکہ خطے کے ممالک کی مشارکت سے سکیورٹی فریم ورک سے متعلق دوسرے مرحلے کا آغاز ہو سکے۔

عرب چینل الجزیرہ کے مطابق خالد العطیہ نے کہا کہ بعض ممالک اپنے تزویراتی اتحادوں میں تبدیلی لا رہے ہیں کیونکہ یہ اتحاد ’’کمزور‘‘ ہیں۔

قطری مشیر برائے دفاعی امور نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ خطے کے ممالک کے درمیان سکیورٹی معاہدہ طے پا جائے گا جبکہ ہمیں ایکدوسرے کے ہمراہ پرامن زندگی بسر کرنا ہے!

اپنی گفتگو کے آخر میں خالد العطیہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ویانا میں جاری مذاکرات ایرانی جوہری پروگرام کے بارے معاہدے پر ختم ہوں گے جبکہ ہم اس معاہدے کے حصول کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : صیہونی غاصب حکومت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے عربوں کی غداری

دوسری جانب قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے اپنے ایک خطاب میں تاکید کی ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ انتہائی ضروری ہے۔

عرب چینل الجزیرہ کے مطابق دوحہ کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کا حصول ایک اہم امر ہے جس کے نتیجے میں پورے خطے کے اندر وسیع امن و امان پر بھی اتفاق نظر حاصل ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پورا خطہ گذشتہ چند سالوں سے بحرانوں کا شکار ہے تاہم جتنی توجہ یوکرین کے مسئلے پر دی گئی ہے، خطے کے دوسرے بحرانوں پر اتنی توجہ نہیں دی جا سکی۔

قطری وزیر خارجہ نے اپنے خطاب کے آخر میں تاکید کی کہ خطے کی مشکلات پر بھی یوکرین مسئلے کے جتنی توجہ دی جانی چاہئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button