ایران

شام سے تعلقات میں وسعت ایران کی اولویت ہے، حسین امیر عبداللہیان

شیعیت نیوز: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے شام کے صدر کے قومی سلامتی کے مشیر علی مملوک سے ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں شام کے صدر کے قومی سلامتی کے مشیر علی مملوک نے علاقائی استحکام کو مضبوط بنانے اور دہشت گردی سے نمٹنے میں ایران کے اہم کردار پر زور دیا، اس سلسلے میں شہید سلیمانی کے موقف پر روشنی ڈالی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

اس ملاقات میں امیر عبداللہیان نے خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے شام کی حکومت اور عوام کے لیے ایران کی حمایت جاری رکھنے پر تاکید کی۔

یہ بھی پڑھیں : یمن کا بحران صرف یمنی گروہوں کے ذریعے ہی حل ہوسکتا ہے، ایرانی وزارت خارجہ

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ شام کے دورے پر دمشق پہنچے جہاں شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد نے ان کا استقبال کیا۔

دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور علاقے کے اہم ترین مسائل پر بات چیت ہوئی۔

شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد نے کہا کہ ایران سمیت علاقے کے مختلف ملکوں اور عرب ملکوں کے ساتھ شام خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے اور ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے یہ دورہ ایک اور بہترین موقع ہے۔

انھوں نے کہا کہ جوہری کیس میں ایران کی مفاہمت کے سلسلے میں ہم ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ دمشق میں یوکرین کے خلاف روس کے خصوصی فوجی آپریشن کے بعد کی صورت حال کے بارے میں بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ایران اور شام ایک محاذ میں ہیں۔ انہوں نے اسی کے ساتھ دمشق حکومت اور شام کے عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔

وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ تہران اور دمشق کے روابط اس وقت سبھی شعبوں میں بہترین سطح پر ہیں تاہم اقتصادی اور تجارتی روابط کے فروغ کو ترجیح حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی روابط سے متعلق ہماری پالیسیاں دونوں ملکوں کے عوام کے فائدے میں ہیں۔

یاد رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا بحیثیت وزیر خارجہ یہ تیسرا دورہٹ دمشق ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button