آیت اللہ خامنہ ای کی عشرہ فجر کی آمد کے موقع پر حضرت امام خمینیؒ کے حرم مطہر میں حاضری

شیعیت نیوز: رہبر انقلاب اسلامی نے عشرہ فجر کی آمد کے موقع پر حضرت امام خمینیؒ کے حرم مطہر میں انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے اسلامی انقلاب کی 43 ویں سالگرہ کی آمد کے موقع پر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ کے حرم مطہر پر حاضر ہو کر انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے آج صبح بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں آپ آیت اللہ بہشتی، شہید محمد علی رجائی اور شہید جواد باہنر اور دیگر شہدائے انقلاب کی قبور پر تشریف لے گئے اور شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
ایران کے اسلامی انقلاب کی قابل فخر کامیابی کی تینتالیسویں سالگرہ کی دس روزہ تقریبات عشرہ فجر کا آغاز آج بروز منگل یکم فروری سے ہو گا۔
تینتالیس سال قبل یکم فروری کو ایران کے بانی حضرت امام خمینیؒ پندرہ سال کی جلاوطنی کے بعد ایران واپس تشریف لائے تھے اور قوم نے آپ کا فقید المثال استقبال کیا تھا۔
امام خمینی(رح) کی وطن واپسی کے محض دس روز بعد ایران کا عظیم اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنارہوا تھا اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایران میں ہرسال ان ایام میں عشرہ فجر کے نام سے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی دس روزہ تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پیداوار میں جہاد نے امریکہ کو معاشی جنگ میں شکست کو تسلیم کرنا پڑا، آیت اللہ خامنہ ای
دوسری جانب ایران میں عشرہ فجر انقلاب اسلامی کا قومی جوش و ولولہ کے ساتھ آغازہوگیا ہے ایران میں 12 بہمن حضرت امام خمینی(رہ) کی وطن آمد سے لیکر 22 بہمن تک عشرہ فجر منایا جاتا ہے۔آج 12 بہمن کی مناسبت سے حرم مطہر میں شاندار تقریب منائی جارہی ہے۔
12 بہمن حضرت امام خمینی (رہ) کی وطن واپسی کی مناسبت سے ان کے حرم مطہر میں طبی دستورات کی رعایت کے ساتھ شاندار تقریب کا آغاز ہوگیا ہے۔
اس تقریب میں شہداء کے اہلخانہ ، جانبازان اور ان کے اہلخانہ اور ملک کی اعلی فوجی اور سول شخصات موجود ہیں،تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوگا اور اس پروگرام میں قومی ترانہ بھی پیش کیا جائےگا۔
مہرآباد ہوائی اڈے سے لیکر بہشت زہرا (س) تک کے راستہ پر ہیلی کاپٹر کے ذریعہ پھول برسائے جائيں گے اور موٹر سواراس راستے میں شاندار پریڈ کا مظاہرہ کریں گے۔
واضح رہے کہ آج سے انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی اور عشرہ فجر کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے اور یہ سلسلہ 22 بہمن انقلاب اسلامی کی سالگرہ تک جاری رہےگا۔