ایس یو سی کی ڈیڈ لائن کا اثر،جبری لاپتہ شیعہ عالم دین علامہ فضل عباس قمی بازیاب ہوگئے
شیعیت نیوز: ایس یو سی کی ڈیڈ لائن کا اثر،شیخوپورہ سے 18 روز قبل لاپتہ ہونیوالے شیعہ علماء کونسل کے رہنماءباحفاظت واپس اپنے گھر پہنچ گئےہیں۔ علامہ فضل عباس قمی جو کہ مسجد مصطفیٰ کے امام اور مدرسہ مدینۃ العلم کے پرنسپل ہیں، کو 18 روز قبل قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے گھر سے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔
علامہ فضل عباس قمی کے لاپتہ ہونے پر شیعہ علماء کونسل کے قائدین حافظ کاظم رضا نقوی سمیت دیگر نے واقعہ کی مذمت کی تھی اور ان کی رہائی کیلئے ڈیڈ لائن تھی۔
ڈیڈ لائن کے ختم ہوتے ہی علامہ فضل عباس قمی واپس اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ حافظ کاظم رضا نقوی نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ حکومتی ادارے اپنے قوانین کو مدنظر رکھیں، کسی کو ماورائے عدالت لاپتہ کرنا اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی شیعہ مسلمانوں کی جبری گمشدگیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، ایک اور شیعہ عالم دین جبری لاپتہ کردیئے گئے
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے وفاق المدارس کیساتھ طے کیا تھا کہ اگر کسی مدرسے کے حوالے سے تحفظات ہوں گے تو حکومت پہلے وفاق کو آگاہ کرے گی، اس کے بعد مدرسے یا عالم دین کیخلاف کارروائی ہوگی، مگر اس معاملے میں حکومت نے وفاق المدارس کو اعتماد میں لئے بغیر انہیں حراست میں لے کر اپنے ہی وعدہ کی خلاف ورزی کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اب اداروں سے یہی کہتے ہیں کہ وہ محتاط رہیں اور بے گناہوں کو بلاوجہ ہراساں نہ کریں۔ حافظ کاظم کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ پاکستان محب وطن قوم ہے، پاکستان بنانا بھی ہم نے تھا اور اس کے تحفظ کیلئے قربانیاں بھی ہم نے دی ہیں، ایسے اقدامات ملت میں اداروں کے حوالے اچھی رائے پیدا نہیں کر رہے۔







