عراق

عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کی پارلیمانی انتخابات میں بھرپور شرکت کی اپیل

شیعیت نیوز: عراقی وزیراعظم نے پارلیمانی انتخابات میں عوام سے بھرپور شرکت اور امیدواروں کے کھوکھلے وعدوں کے دھوکے میں نہ آنے کی اپیل کی ہے۔

عراق کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ عراقی عوام کے لئے انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں صرف چند روز باقی رہ گئے ہیں۔

مصطفی الکاظمی نے عہدے اور رہائشی زمینیں دینے کا وعدہ کرنے والے امیدواروں کو ووٹ دینے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے عراقی عوام سے اپیل کی کہ اس طرح کے افراد کھوکھلے وعدوں کے ذریعے ووٹ خریدنا چاہتے ہیں اور وہ ان پر اعتماد نہ کریں۔

عراقی وزیراعظم نے قومی سلامتی کی وزراء کونسل کے اجلاس میں ملک کی سیکورٹی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ پارلیمانی انتخابات کے عمل میں غیرجانبدار رہیں اور الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر انتخابات کو ناکام بنانے کی ہر کوشش کو شکست سے دوچار کر دیں۔

عراق کے پانچویں پارلیمانی انتخابات دس اکتوبر کو ہوں گے۔

ان انتخابات میں پارلیمنٹ کے دوسو انتالیس ممبران منتخب ہوں گے اور یہی ممبران پارلیمنٹ نئے وزیراعظم اور نئی حکومت کا تعین کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں طالبان نے داعش کے اہم کمانڈر ابوعمر خراسانی کو ہلاک کردیا

دوسری جانب عراقی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ صوبے دیالی میں داعش دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا ہے۔

صابرین نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبے دیالی میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں 3 عراقی فوجی اہلکار جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے ۔

عراق میں داعش دہشت گردوں نے ایک بار پھر سراٹھانے کی کوشش کی ہے اور وہ منظم ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ان دہشت گرد عناصر کے خلاف عراق کی سکیورٹی فورسز بھی مختلف علاقوں میں کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ عراق میں دو ہزار سترہ میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اس ملک کے بعض علاقوں میں داعش سے وابستہ کچھ دہشت گرد عناصر روپوش ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ حملے کر کے عراقی عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی نے داعش دہشت گرد گروہ کے ان باقی بچے عناصر کا صفایا کرنے کے لئے بھی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button