دنیا

احمد مسعود کی افغان عوام سے طالبان کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل

شیعیت نیوز: افغانستان کے قومی استقامتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود نے افغان عوام سے طالبان کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق، احمد مسعود نے فیس بک پر اپنے آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ انکی کمان میں لڑنے والے فوجیوں نے پنجشیر کے علماء کے کہنے پر جنگ روک دی تھی لیکن طالبان نے اپنے وعدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنگ جاری رکھی۔

انہوں نے پنجشیر میں طالبان کے قبضے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فوجیں تا حال طالبان کے خلاف ڈٹی ہوئی ہیں اور پنجشیر کے اسٹریٹیجک حصے میں موجود ہیں، البتہ اتوار کو طالبان سے لڑائی میں ان کے خاندان کے بھی کچھ لوگ مارے گئے ہیں۔

اپنے پیغام میں احمد مسعود نے کہا کہ عالمی برادری طالبان کو عسکری و سیاسی طور پر مضبوط ہونے کا موقع فراہم کر رہی ہے، حالانکہ طالبان بدلے نہیں بلکہ پہلے سے زیادہ شدت پسند ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : طالبان کا افغانستان میں نئی عبوری حکومت تشکیل دینے کا اعلان

دوسری طرف افغانستان میں پاکستان مخالف ریلی منتشر کرنے کے لیے طالبان نے ہوائی فائرنگ کی اور مظاہرین کو منتشر کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں پاکستان مخالف ریلی نکالی گئی جس میں پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی گئی، 70 کے قریب مظاہرین جن میں زیادہ تر خواتین شامل تھیں، پاکستانی سفارت خانے کے سامنے کھڑے ہوگئیں اور نعرے بازی شروع کردی جس پر طالبان نے ہوائی فائرنگ کی اور مظاہرین کو منتشر کردیا۔

واضح رہے کہ افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد سے ملک میں مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا گیا ہے، چند روز قبل بھی افغان خواتین نے اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے احتجاجی ریلی نکالی تھی اور افغان صدارتی محل جانے کی کوشش کی، تاہم طالبان نے ریلی کو صدارتی محل جانے سے روک دیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button