مقبوضہ فلسطین

فلسطین کی آزادی کی جنگ ایک تاریخی باب رقم کرنے جارہی ہے، سربراہ اسماعیل ہنیہ

شیعیت نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کی جنگ ایک تاریخی باب رقم کرنے جارہی ہے۔ دوسری طرف اسماعیل ھنیہ کا ملائیشیا کے وزیراعظم سے غزہ کی صورت حال پر بات چیت کی۔

حماس کے سربراہ نے موجودہ جنگ کو ایک نیا موڑ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ استقامت ہی ملت فلسطین کے حقوق کے اعادے کا واحد راستہ ہے۔

فارس نیوز کے مطابق قدس اور مسجد الاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدام کے بعد فلسطین کے استقامتی محاذ سے وابستہ گروہوں نے گزشتہ پیر کے روز سے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی اہداف کو اپنے راکٹ اور میزائیل حملوں کا نشانہ بنانا شروع کیا ہے۔

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارے اندر دشمن کی توقع سے زیادہ توانائی اور حوصلہ موجود ہے اور اب تک جو کچھ دیکھنے میں آیا ہے وہ اپنے حقوق کے لئے ایک نامحدود اور بڑی جنگ کے تعلق سے ایک نیا باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صورتحال پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور فلسطین کے تعلق سے عرب اسلامی دنیا کے وقار کے دوبارہ احیا کا مشاہدہ کررہے ہیں۔

اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ اب تک جو کچھ ہوا ہے وہ فلسطین کے تعلق سے نیا موڑ ہے اور اس سے ثابت ہوتا کہ استقامت کے ذریعے ہی فلسطین کو آزاد اور اپنے کھوئے ہوئے حقوق کا اعادہ کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ میں جنگی جرائم، اسرائیلی انسانی حقوق گروپ بھی چلا اٹھا

دوسری جانب اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے ملائیشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور انہیں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی ریاست کی وحشیانہ بمباری اور بیت المقدس کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

اسماعیل ھنیہ نے بتایا کہ اسرائیلی ریاست بیت المقدس کے علاقے الشیخ جراح کے مقام سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی، باب العامود میں فلسطینیوں پر تشدد، مسجد اقصیٰ کی تقسیم کی صہیونی سازشوں، مسجد اقصیٰ اور حرم قدسی میں یہودیوں کے دھاووں اور غزہ کی پٹی میں بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام پر بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی دشمن غزہ کی پٹی میں بے گناہ شہریوں کے گھروں پر بمباری کرکے بے گناہ شہریوں کا قتل عام کررہا ہے۔

اس موقعے پرملائیشیا کے وزیراعظم نے فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جرائم کے مقابلے میں فلسطینیوں کی مزاحمت کے حق کو تسلیم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر مظالم پر فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ محیی الدین یاسین کا کہنا تھا کہ ملائیشیا فلسطینیوں پر مظالم روکنے کے لیے سلامتی کونسل، اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی سطح پر ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button