دنیا

نائیجیریا، داعش سے منسلک دہشت گردوں کا فوجی اڈے پر حملہ، 33 اہلکار ہلاک

شیعیت نیوز: نائیجیریا میں داعش سے منسلک دہشت گرد گروہ کے جنگجوؤں نے فوجی اڈے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 33 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمال مشرقی نائیجیریا میں ایک فوجی اڈے پر داعش سے منسلک مسلح جنگجوؤں نے حملہ کردیا، دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ دو گھنٹے تک جاری رہا یہاں تک کہ بری فوج کی مدد کے لیے فضائیہ کو طلب کیا گیا۔

فوجی لباس زیب تن کئے حملہ آور 16 بندوق والے عسکری ٹرکوں اور 6 بارودی سرنگوں سے بچنے والی فوجی گاڑیوں کے ذریعے پہنچے تھے۔

نائیجیریا کی فضائیہ نے بمباری کرکے حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا تاہم اس دوران 33 فوجی اہلکار حملہ آوروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق داعش کی مقامی تنظیم سے ہے۔

حملہ آوروں نے فوجی اڈے سے پہلے راستے میں آنے والے ایک پولیس ہیڈکوارٹر کو بھی نذر آتش کردیا تھا۔

واضح رہے کہ ابھی ایک ماہ قبل ہی شمال مشرقی نائیجیریا میں شدت پسندوں کے 4 مختلف حملوں میں 30 کے قریب فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ کارروائیاں زیادہ تر بوکو حرام سے علیحدگی اختیار کرکے داعش میں شامل ہونے والے گروپ نے کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : روس کی غیر دوست ممالک کی فہرست میں امریکہ سب سے اوپر

دوسری جانب نائیجیریا میں گرین فیلڈ یونیورسٹی سے نامعلوم مسلح افراد نے 20 طلباء اور عملے کو اغوا کیا تھا اور تاوان نہ ملنے پر 3 طلبا کو گولی مار کر قتل کردیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق شمالی نائیجیریا میں گرین فیلڈ یونیورسٹی میں مسلح افراد نے دھاوا بول کر 20 طلبا اور تدریسی عملے کو اغوا کرلیا تھا۔ اغوا کاروں نے تاوان کا مطالبہ کیا تھا اور نہ ملنے پر 3 طلبا کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔

نائیجریا کی وزارت داخلی سکیورٹی کے ترجمان نے فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ تین طلبا کی باقیات یونیورسٹی کے قریبی گاؤں سے ملی ہیں۔ اغوا شدگان کی بازیابی کے لیے آپریشن جاری ہیں۔

نائیجیریا کی حکومت کا اغوا کاروں سے مذاکرات کا عمل جاری ہے تاہم اس میں کسی قسم کی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔ طلبا کے والدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بازیابی کے عمل کی رفتار کو تیز کیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button