ایران

ویانا کے مذاکرات تعمیری تھے، اگلی نشست جمعے کو ہوگی، ایرانی ایٹمی مذاکرات کار

شیعیت نیوز: ایران کے سینیر ایٹمی مذاکرات کار نے کہا ہے کہ ویانا میں ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے مذاکرات تعمیری تھے اور اس کمیشن کی اگلی نشست جمعے کو ہوگی۔

ویانا میں اجلاس کے موقع پر ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایک بار پھر ایران کے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ امریکی پابندیوں کا خاتمہ ایٹمی معاہدے کو بچانے کے لئے پہلا اور ضروری اقدام ہے۔

ایران کے خارجہ سیکریٹری اور ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے، جو ویانا نشست میں ایرانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، منگل کی شام کو نشست کے پہلے دور کے خاتمے کے بعد اس کے نتائج کو مثبت قرار دیا۔

انھوں نے پریس ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ویانا میں ایٹمی معاہدے کے تعلق سے گفتگو کے بارے میں کہا کہ ویانا میں پہلے دور کے مذاکرات تعمیری تھے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی امریکی پابندیاں ختم ہوں گی ایران ایٹمی معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر پوری طرح سے دوبارہ عمل درآمد شروع کردے گا ۔

انھوں نے کہا کہ مذاکرات کار ویانا میں رکے رہیں گے تاکہ جمعے کے روز ایک اور نشست میں حصہ لے سکیں۔ عراقچی نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے اور ایٹمی معاہدے کے بارے میں ایران کے اقدامات کے سلسلے میں ماہرین کی سطح پر مذاکرات جاری رہیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہم یورینیم کی بیس فیصد افزودگی روکنے کے بدلے میں ایران کے منجمد اثاثوں میں سے ایک ارب ڈالر ریلیز کیے جانے کے سلسلے میں کسی بھی طرح کی گفتگو کو مسترد کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : حکام بالا اب تک جبری لاپتہ عزاداروں کے اہل خانہ کے مطالبات کو نظر انداز کررہے ہیں، علامہ شفقت شیرازی

ایران کے سینیر ایٹمی مذاکرات کار عباس عراقچی نے کہا کہ ہم ایٹمی معاہدے کے بارے میں ہی کوئی مذاکرات نہیں کر رہے ہیں تو ایٹمی معاہدے کے علاوہ اور دیگر موضوعات کے بارے میں مذاکرات کا تو سوال ہی نہیں اٹھتا۔

واضح رہے کہ ویانا میں ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کا پہلا دور مکمل ہوگیا ہے جس میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ ماہرین کی سطح پر الگ الگ نشستیں جاری رہیں گی۔

رپورٹ کے مطابق ویانا میں ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے پہلے دور میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ کمیشن کے ارکان کے ماہرین کی دو الگ الگ متوازی نشستیں بھی انجام پائیں گی جن میں پابندیوں کے خاتمے اور ایٹمی سرگرمیوں کے تعلق سے فنی معاملات پر بحث ہوگی اجلاس میں طے پایا ہے کہ ماہرین کی ان نشستوں کا نتیجہ اور ان کی رپورٹ کمیشن میں پیش کی جائے گی ۔

مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں ایران اور چار جمع ایک گروپ کے نائب وزرائے خارجہ، وزارت خارجہ کے سیاسی امور کے ڈائریکٹر اور یورپی یونین کی جانب سے اس یونین کے نمائندے نے شرکت کی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button