افغان فضائیہ کا ارغنداب میں طالبان کے خفیہ ٹھکانوں پر حملہ، سینتالیس عناصر ہلاک

شیعیت نیوز: افغانستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ صوبے قندھار کے علاقے ارغنداب میں افغان فضائیہ کے حملے میں طالبان گروہ کے سینتالیس عناصر ہلاک ہو گئے۔
آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغان وزارت دفاع کے ڈپٹی ترجمان فواد امان نے اتوار کے روز ٹوئٹ کیا ہے کہ افغان فضائیہ کے اس حملے میں ارغنداب میں طالبان کے خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
حملے میں بھاری مقدار میں طالبان کا اسلحہ اور گولہ بارود نیز خودکش دھماکوں کا مواد بھی تباہ کردیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ کئی مہینے سے ارغنداب میں افغان سیکورٹی اہلکاروں اور طالبان عناصر کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سے قبل افغان سیکورٹی اداروں نے اعلان کیا تھا کہ ارغنداب میں طالبان گروہ کو سخت ہزیمت کا سامنا ہے افغان سیکورٹی حکام کے بقول ارغنداب میں طالبان کے چھے سو عناصر کو اب تک ہلاک کیا جاچکا ہے اور وہ اس علاقےمیں شکست سے دوچار ہورہےہیں جبکہ اس علاقے پر قبضہ کرنے کی ان کی کوشش بھی ناکام ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ طالبان دور حکومت میں قندھار کو طالبان کے اقتدار و طاقت کامرکز سمجھا جاتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : شام سے القاعدہ اور تکفیری دہشت گردوں کی یمن سپلائی
دوسری جانب افغانستان کے صوبے کابل میں ہونے والے بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوئے۔
کابل پولیس کے ترجمان فردوس فرامرز نے بتایا ہے کہ، پیر کی صبح کابل کے ضلع قرباغ کے نواحی گاؤں سبز سنگ میں فوج کی ایک گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تباہ ہوگئی۔
تاحال کسی فرد یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
اتوار کے روز صوبہ کابل کے ضلع پغمان میں بھی ایک فوجی موٹرسائیکل کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں تین فوجی ہلاک اور بارہ دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ مذکورہ دھماکے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔
افغانستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ایسے وقت میں اضافہ ہوا ہے جب حکومت افغانستان اور طالبان کے وفود نے رواں ماہ میں استنبول میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد اس ملک میں جنگ اور جھڑپوں کے خاتمے کی راہ کا جائزہ لینا ہے۔