دنیا

افغانستان سے امریکی فوجیوں کا مکمل انخلا یکم مئی تک ممکن لیکن بہت مشکل ہوگا، بائیڈن

شیعیت نیوز: امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ افغانستان سے یکم مئی تک امریکی فوجیوں کا مکمل انخلا مشکل ہوگا۔ دوسری طرف امریکہ میں ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کا مکمل انخلا یکم مئی تک ممکن لیکن بہت مشکل ہوگا، ایسا ہوسکتا ہے لیکن یہ بہت مشکل ہے، انخلا کے وقت سے متعلق فیصلے پر کام کر رہے ہیں۔

جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ سابق صدر نے اس پر بہت زیادہ ٹھوس انداز میں بات چیت نہیں کی، اقتدار کی ہموار منتقلی نہ ہونے کی وجہ سے اس مسئلے پر کام کرنے میں وقت لگا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق اس مسئلے پر ہم اب بات چیت کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال دوحہ میں ہونے والے امریکہ اور طالبان معاہدے کے مطابق غیر ملکی افواج کو یکم مئی تک افغانستان سے نکلنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان کے صدر اشرف غنی امریکہ کے سامنے ڈٹ گئے، عبوری حکومت مسترد

دوسری جانب امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر بولڈر میں نامعلوم شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ ایک سپر مارکیٹ میں پیش آیا۔ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کنگ سپرمارکیٹ میں ہوئی جس میں اے آر پندرہ رائفل استعمال کی گئی۔

واضح رہے کہ امریکہ میں اسلحہ کی خرید و فروخت پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے جس کی بناپر اس قسم کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

امریکی عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی کے مطالبات کے باوجود اسلحہ ساز کمپینوں اور حکومت میں ان کی لابنگ کے نتیجے میں امریکی کانگریس کوئی موثر اقدام کرنے کی توانائی سے اب تک قاصر رہی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button