اہم ترین خبریںپاکستان

لاپتہ افراد کیس، عدالت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی

عدالت نے آئی جی سندھ، سیکرٹری داخلہ اور دیگر سے 21 اپریل کو پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

شیعیت نیوز: لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی سندھ مشتاق مہر کی عدم پیشی پر اظہار برہمی کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ آئی جی سندھ کہاں ہیں؟ کیوں پیش نہیں ہوئے؟ جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ آئی جی سندھ کی جانب سے اے آئی جی لیگل پیش ہوئے ہیں۔

جسٹس کے کے آغا نے پھر استفسار کیا کہ اے آئی جی لیگل کو آئی جی کی پیش کردہ رپورٹ پر دستخط کرنے کی بھی اجازت ہے؟ اے آئی جی لیگل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاپتہ شہری ریاست اللّٰہ مختلف کیسز میں مفرور ہے۔

یہ بھی پڑھیں شیعہ عزاداروں کی جبری گمشدگیوں اورعدم بازیابی کے خلاف 2 اپریل کو ملک گیر احتجاج کی تیاریاں جاری

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مفرور ملزمان کو تلاش کرنا بھی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے شہری ریاست اللّٰہ کو تلاش کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حراستی مراکز میں قید شہریوں کی تفصیلات پیش نہ کرنے پر بھی اظہار تشویش کیا۔ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ 2019ء میں حراستی مراکز میں قید شہریوں کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئی تھیں۔ عدالت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ سے تازہ رپورٹ طلب کر لی، ساتھ ہی عدالت نے آئی جی سندھ، سیکرٹری داخلہ اور دیگر سے 21 اپریل کو پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر سے کئی بے گناہ شیعہ عزادار لاپتہ ہیں جن کے والدین اپنے پیاروں کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں لیکن اداروں کی جانب سے ان کی کوئی خبر نہیں دی جاتی جبکہ کئی لاپتہ عزاداروں کے بوڑھے والدین اپنے جوان فرزندوں کی راہ تکتے تکتے اس دار فانی ے کوچ کر چکے ہیں۔

لاپتہ افراد کے اہل خانہ کی جانب سے مختلف عدالتوں میں پٹیشنز داخل ہیں جن پر سماعتیں جاری ہیں اور معزز جج صاحبان بھی پولیس اور تفتیشی حکام کے غیر ذمہ دارانہ رویئے سے سخت نالاں دکھائی دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کی جانب سے لاپتہ عزاداروں کی عدم بازیابی کے خلاف 2 اپریل سے ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button